گھنے کہرے کی زد میں میں دہلی-این سی آر، فضائی آلودگی بدستور ’شدید‘ زمرے میں
نئی دہلی: بدھ کی صبح دہلی اور قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) کے کئی علاقوں میں گھنی دھند چھا گئی، جس کے باعث حد نگاہ میں شدید کمی واقع ہوئی اور اہم سڑکوں پر معمول کی آمد و رفت متاثر رہی۔ غازی آباد کے اندراپورم، نوئیڈا کے بوٹینیکل گارڈن میٹرو اسٹیشن اور دہلی کے اکشردھام علاقے سے موصولہ مناظر میں سڑکوں اور رہائشی علاقوں پر دھند کی موٹی تہہ دیکھی گئی۔ کم حد نگاہ کے باعث گاڑیاں انتہائی سست رفتاری سے چلتی نظر آئیں۔ نوئیڈا کے مختلف علاقوں میں بھی یہی صورتحال رہی، جس سے صبح کے وقت دفتر جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
فضائی آلودگی خطرناک سطح پر
سنٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ (CPCB) کے اعداد و شمار کے مطابق صبح 7 بجے دہلی کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 384 ریکارڈ کیا گیا، جو ’انتہائی خراب سے شدید‘ زمرے میں آتا ہے۔ شہر کے کئی مانیٹرنگ اسٹیشنوں پر اے کیو آئی خطرناک سطح پر رہا:
آنند وہار: 452
آئی ٹی او: 426
آر کے پورم: 411
چاندنی چوک: 419
دوارکا سیکٹر-8: 414
یہ تمام علاقے ’شدید‘ آلودگی کے زمرے میں شامل ہیں۔ کچھ علاقوں میں اگرچہ سطح نسبتاً کم رہی، لیکن اب بھی صحت کے لیے خطرناک تھی:
اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ٹرمینل-3): 334
نجف گڑھ: 331
آیا نگر: 321
یہ علاقے ’انتہائی خراب‘ زمرے میں درج کیے گئے۔
فضائی پروازیں متاثر، CAT-III پروٹوکول نافذ
گھنے کہرے اور دھند کے باعث اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازیں CAT-III حالات کے تحت چلائی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے تاخیر اور منسوخی کا سلسلہ جاری ہے۔ دہلی ایئرپورٹ انتظامیہ نے ایک ایڈوائزری میں کہا کہ کم حدِ نگاہ کے باوجود مسافروں کی سہولت کے لیے گراؤنڈ ٹیمیں تعینات ہیں اور فعال طور پر مدد فراہم کر رہی ہیں۔ مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا: ’’موجودہ گھنے کہرے کے باعث پروازیں CAT-III پروٹوکول کے تحت چلائی جا رہی ہیں، جس سے تاخیر یا منسوخی ہو سکتی ہے۔ ہماری ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور مسافروں کی سہولت کے لیے سرگرم ہیں۔ ہونے والی زحمت کے لیے ہمیں افسوس ہے۔‘‘
ریل خدمات بھی متاثر
دھند کے باعث ریل خدمات بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔ کم حد نگاہ کے سبب متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار رہیں۔ قومی دارالحکومت کے مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر مسافر ٹرینوں کے انتظار میں کھڑے نظر آئے، جبکہ ٹرینوں کی رفتار سست رہی۔
سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز میں بھارت کی بیٹیوں کا کمال، 5-0 سے کیا ’کلین سویپ‘
ترواننت پورم: بھارت نے منگل کے روز گرین فیلڈ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 سیریز کے پانچویں اور آخری مقابلے میں سری لنکا کو 15 رنز سے شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے سیریز میں 5-0 سے کلین سویپ مکمل کر لیا۔
ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ بھارت کو محض 5 رنز کے اسکور پر شیفالی ورما (5) کی صورت میں پہلا جھٹکا لگا۔ اس کے بعد ڈیبیو کرنے والی جی کملینی (12) بھی پویلین لوٹ گئیں۔ صورتحال یہ ہو گئی کہ ٹیم انڈیا نے 77 رنز تک 5 وکٹیں گنوا دی تھیں۔
اروندھتی ریڈی نے بنائے ناقابلِ شکست 27 رنز
یہاں سے کپتان ہرمن پریت کور نے امنجوت کور کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لیے 37 گیندوں میں 61 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے بھارتی اننگز کو سنبھالا۔ امنجوت کور 18 گیندوں میں ایک چھکا اور ایک چوکے کی مدد سے 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جبکہ ہرمن پریت کور نے 43 گیندوں میں ایک چھکے اور 9 چوکوں کے ساتھ شاندار 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ اروندھتی ریڈی نے ناقابلِ شکست 27 رنز بنائے۔
دوسرے وکٹ کے لیے بنے 56 گیندوں میں 79 رنز
سری لنکا کی جانب سے رشمیکا سیوندی، کویشا دلہاری اور چمری اتھاپتھو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نمیشہ مدوشانی نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں اچھی شروعات کے باوجود سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 160 رنز ہی بنا سکی۔ سری لنکا کو 7 کے اسکور پر کپتان چامری اتھاپتھو (2) کی وکٹ گنوانی پڑی۔ اس کے بعد ہسینی پریرا نے امیشا دلانی کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 56 گیندوں میں 79 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو 86 رنز تک پہنچایا۔
ہسینی پریرا 65 رنز بنا کر ہوئیں آؤٹ
ہسینی پریرا 42 گیندوں میں ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جبکہ دلانی نے 39 گیندوں میں 50 رنز بنائے، جس میں 8 چوکے شامل تھے۔ رشمیکا سیوندی نے 14 رنز کا تعاون کیا، جبکہ اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکا۔ بھارت کی جانب سے دیپتی شرما، اروندھتی ریڈی، اسنیہ رانا، ویشناوی شرما، شری چَرَنی اور امنجوت کور نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
بھارت نے سیریز کا پہلا میچ 8 وکٹوں سے جیتا تھا، اس کے بعد دوسرے میچ میں سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ تیسرے میچ میں ٹیم انڈیا نے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، جبکہ چوتھا مقابلہ 30 رنز سے اپنے نام کیا تھا۔
وہ غذائیں جنہیں خالی پیٹ کھانے سے وزن کم ہو سکتا ہے
خالی پیٹ کچھ مخصوص غذائیں کھانے سے نہ صرف میٹابولزم تیز ہوتا ہے بلکہ بھوک پر قابو پانے اور جسم کو ضروری توانائی فراہم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ماہرین صحت صبح کے وقت درست خوراک لینے پر خاص زور دیتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق فٹنس ایکسپرٹ نیہا پریہار نے وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ایسی پانچ غذاؤں کی نشاندہی کی ہے جو خالی پیٹ کھانے سے فائدہ دیتی ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ سال کے آخر میں وزن بڑھنے کی بڑی وجہ صرف ایک دن زیادہ کھانا نہیں ہوتا بلکہ غلط صبح کا آغاز، غیر ضروری خواہشات، توانائی کی کمی اور جسم میں چربی کا جمع ہونا ہوتا ہے۔
ان کے مطابق اگر مقصد تیزی سے چربی کم کرنا اور پیٹ کو فلیٹ بنانا ہے تو صبح خالی پیٹ یہ غذائیں شامل کرنی چاہییں۔
بھگوئے ہوئے بادام یا آخروٹ
نیہا پریہار کے مطابق دن کا آغاز بھگوئے ہوئے بادام یا آخروٹ سے کرنا وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
یہ غذائیں پروٹین، فائبر اور صحت مند فیٹس سے بھرپور ہوتی ہیں جو میٹابولزم کو بہتر بناتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ دیر تک توانائی فراہم کرتی ہیں اور دن کے آغاز میں غیر ضروری بھوک کو کم کرتی ہیں۔
آملے کا رس
خالی پیٹ بغیر چینی کے آملے کا رس پینا وزن کم کرنے کے لیے فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔
یہ نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے، میٹابولزم تیز کرتا ہے اور بھوک کو قابو میں رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔برازیل نٹس
برازیل نٹس میں سیلینیم، پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی پائی جاتی ہے جو جسم کو دیر تک توانا محسوس کراتی ہے۔
یہ تھائیرائیڈ کے افعال کو بہتر بنانے اور ہارمونز کو متوازن رکھنے میں بھی مددگار ہیں۔ انہیں پانی یا بھگوئے ہوئے بادام کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
گرم پانی میں ہلدی اور کالی مرچ
خالی پیٹ ہلدی اور کالی مرچ ملا گرم پانی پینا ایک مقبول صحت بخش عادت ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ مشروب میٹابولزم کو بہتر بناتا ہے اور صحت مند طرزِ زندگی کے ساتھ وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
چیا سیڈ کا رس
خالی پیٹ چیا سیڈ والا پانی پینا وزن کنٹرول کرنے کا ایک آسان طریقہ ہے۔ یہ براہِ راست چربی تو نہیں جلاتا تاہم بھوک کم کرنے اور ہاضمہ بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے جس سے کیلوریز کم لینے میں آسانی ہوتی ہے۔
فٹنس کوچ نیہا پریہار کا کہنا ہے کہ اگر ان غذاؤں کو باقاعدگی سے اپنایا جائے، متوازن کھانے، گھر پر سادہ ورزش اور روزانہ خود احتسابی کے ساتھ، تو 30 سے 90 دن میں واضح نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔