پنجاب میں قدرت کا قہر، سیلاب نے مچائی بڑے پیمانے پرتباہی، جنگلی حیات اور دیگر حیاتیاتی تنوع پربھی تباہ کن اثرات مرتب
پنجاب میں تباہ کن سیلاب نے ریاست کے سبزہ زار کو تباہ کر دیا ہے۔ جنگلات و جنگلی حیات کے تحفظ کے محکمے کی رپورٹ کے مطابق اب تک 776 ہیکٹر رقبے میں تقریباً 4 لاکھ 94 ہزار 956 درخت تلف ہوچکے ہیں ۔ گزشتہ 37 برسوں میں یہ سب سے بڑا نقصان ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، انڈیا اسٹیٹ آف فاریسٹ رپورٹ (ISFR) 2023 میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں صرف 1,846 مربع کلومیٹر جنگلاتی رقبہ ہے، جو ریاست کے کل جغرافیائی رقبے کا صرف 3.7 فیصد ہے۔ تقریباً 83فیصدزمین زیر کاشت ہے جس سے جنگلات کو بڑھانے کی گنجائش پہلے ہی بہت کم ہے۔ ایسے میں بیک وقت لاکھوں درختوں کا کٹ جانا پنجاب کی ماحولیاتی صورتحال کو کئی دہائیوں پیچھے دھکیل سکتا ہے۔
سیلاب سے پنجاب کو کتنا ہوانقصان ؟
محکمہ جنگلات نے اب تک تقریباً 341.3 لاکھ روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا ہے، جبکہ محکمہ جات کی عمارتوں کو 19.2 لاکھ روپے کے اضافی نقصان کے ساتھ مجموعی نقصان 360.5 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ دھرمیندر شرما نے کہا کہ یہ ابتدائی اعداد و شمار ہیں،سیلاب کاپانی کم ہونے کے بعد صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صورتحال بہتر ہونے کے بعد گرین کور کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے ایک تفصیلی منصوبہ تیار کیا جائے گا۔
ماہرین کا خیال ہے کہ پنجاب پہلے ہی ملک میں سب سے کم جنگلات والی ریاستوں میں شامل ہے اور اب سیلاب نے ریاستی حکومت کے شجرکاری کے منصوبوں کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔ اس کا ماحولیاتی توازن بحال کرنے کی کوششوں پر طویل مدتی اثر پڑے گا
مہلوکین کی تعداد میں اضافہ
اس بیچ ، سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہے ۔جمعے اورسنیچر کی درمیانی شب پنجاب میں مزید تین افراد کی موت ہو گئی جس سے مرنے والوں کی تعداد 46 ہو گئی ہے۔ 48 نئے دیہات سیلاب کے خطرے سے دوچار ہیں۔ ہریانہ کے ضلع امبالا میں دریائے تانگری میں ڈوبنے سے 13 سالہ بچے کی موت نے صورتحال کی سنگینی کو مزید واضح کر دیا۔
ہماچل پردیش میں صورتحال اور بھی سنگین ہے۔ اب تک یہاں 366 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 41 لوگ ابھی تک لاپتہ ہیں۔ کلو میں لینڈ سلائیڈ کے ملبے میں دو لاپتہ افراد کی تلاش تیسرے دن بھی جاری رہی۔ تاہم موسم میں کچھ بہتری آئی ہے جس سے راحت اور بچاؤ کاموں میں تیزی آئی ہے۔
پنجاب اور ہماچل پردیش میں قدرت کی یہ تباہی واضح طور پر اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ انسان اور فطرت دونوں کو ماحولیاتی توازن بگڑنے کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔
*جمعیۃ علماء دھولیہ کے جلسہء سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم و اصلاحِ معاشرہ سے حضرت مولانا مختار احمد مدنی صاحب کا پُر مغز و بصیرت افروز خطاب*
*4 ستمبر ( دھولیہ ) جمعیۃ علماء ( مولانا ارشد مدنی ) کے زیرِ اہتمام سالہائے گزشتہ کی طرح اِمسال بھی جلسہء سیرت النبی صلی اللہ وسلم و اصلاحِ معاشرہ کا انعقاد کیا گیا ۔ جلسے کا آغاز مولوی مظفر قاسمی نے قرآنِ کریم کی تلاوت سے فرمایا ۔* *نعتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے خوشبودار اشعار سے اپنی پُرسوز آواز میں مفتی خالد رحمانی نے محفل کو معطر کیا ۔ جلسے کی صدارت حافظ جمال الدین صاحب ( استاد مدرسہ سراج العلوم و امام و خطیب مسجدِ عمر فاروق ) نے فرمائی ۔ مقرر خصوصی شہر دھولیہ ہی نہیں بل کہ ملک ہندوستان کے جیدالاستعداد عالم ، مفسرِ قرآن، واعظِ شیریں بیان، خطیبِ بے بدل ، حضرت مولانا مختار احمد مدنی صاحب دامت برکاتہم ( شیخ الحدیث مدرسہ سراج العلوم، دھولیہ ) نے حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی ۔* *آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صفتِ عاجزی و انکساری کو اپناکر تکبر سے بچنے کی تلقین کی ۔ واقعہء معراج کی روشنی میں نماز کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے نماز کی پابندی پر زور دیا اور معاشرے کی صورتِ حال پر افسوس کا اظہار فرمایا ۔ ربیع الاول کے جلوس میں نوجوانوں کی حرکتوں پر انتہائی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ جلوس میں بے ڈھنگے پن اور ہلڑ بازی کا مظاہرہ کرکے محبت رسول جتانا یہ صرف جھوٹا خیال ہے ۔ صرف ایک دن عشقِ رسول کا بے ڈھنگا مظاہرہ کرنے کی بجائے یہ فرمایا کہ پوری زندگی کو سچے عشق رسول میں سمادیجیے ۔* *واقعہء ہجرت کی روشنی میں اپنے منفرد انداز میں اصلاحِ معاشرہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر فرمایا ۔ خطبہء حجۃ الوداع کی روشنی میں داعیِ اعظم صلی اللہ علیہ وسلم کی داعیانہ زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اختلاف اور لڑائی جھگڑے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا پیغام دیا ۔ نشے کی حرمت بیان کرتے ہوئے نوجوانوں کو ہر قسم کے نشے سے باز رہنے کی نصیحت فرمائی ۔ غزوہء خندق کی روشنی میں عصری علوم کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے عصری علوم میں مہارت حاصل کرنے کا پیغام دیا ۔*
*الغرض اپنے طویل خطاب میں موصوف نے سیرت کے مختلف گوشوں پر سیر حاصل گفگتو کرتے ہوئے معاشرے کی اصلاح کا حق ادا فرمایا اور ساتھ ہی حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی مکمل سیرت کا مطالعہ کرنے کی ترغیب دی ۔*
*جلسے میں حافظ حفظ الرحمٰن ( صدرجمعیۃ علماء ضلع دھولیہ) مولانا شکیل قاسمی، مولانا مبین ملی، مولانا رضوان قاسمی، مفتی سمیر رحمانی، مشتاق صوفی، ایاز احمد ایاز، حاجی شوال، شیخ پرویز، امین پٹیل، مختار مچھلی والے، مختار شریف، یوسف پاپا سر، عارف عرش، عبدالمحیط میکانک، نعمان سر، حاجی اصغر، اعجاز میکانک، مسعود کیپٹن، محمد آصف کے علاوہ عوام کا جمِ غفیر موجود تھا ۔ مولانا شعیب حنیف قاسمی نے بحسن و خوبی نظامت کے فرائض انجام دیے ۔ پروگرام کی کامیابی میں خادمین جمعیۃ اور نوجوانانِ وڑجئی روڈ خصوصا عقیل انڈے والے ( مسجدِ اسحاق ) نے انتھک کوشش کی ۔ مقرر خصوصی کی دعا پر جلسے کا اختتام عمل میں آیا ۔*
*شعبہء نشر و اشاعت*
*جمعیۃ علماء ( مولانا ارشد مدنی ) دھولیہ*
تباہ حال پنجاب سیلاب متاثرین
برادران ملت ! جمعیت علماء ( مولانا ارشد مدنی ) دھولیہ کی جانب سے اپیل کی جاتی ہیکہ گذشتہ دنوں ریاست پنجاب زبر دست بارش کی وجہ سے بھیا نک سیلاب کی زد میںہے۔ تقریبا 9 اضلاع کے ایک ہزار گاؤں میں سیلابی پانی داخل ہو چکا ہے۔ بڑی تعداد میں مالی نقصانات ہوئے ہیں۔ کئی سو ایکڑ فصل تباہ ہو چکی ہے۔ بڑی تعداد میں مویشی بہہ گئے ہیں۔ کافی مکانات زمین دوس ہو چکے ہیں۔لاکھوں کی تعداد میں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔ تقریبا 10 ، 10 فٹ پانی بھرا ہوا ہے۔ پینے کا صاف پانی ، پہننے کیلئے کپڑے اور دانے دانے کو لوگ محتاج ہو چکے ہیں۔
یادر ہے کہ یہی سرزمین پنجاب ہے جہاں کے لوگوں نے دل کھول کر ملت اسلامیہ کی ہر موڑ پر جانی و مالی مدد کی ہے۔چاہے فرقہ وارانہ فساد ہو یا شاہین باغ کا احتجاج ، غزہ فلسطین کے مظلومین کی نصرت ہو یا کشمیر کے سیلاب زدگان کی امداد و اعانت۔
اسلئے ملت اسلامیہ کے مخیر حضرات سے اپیل کی جاتی ہیکہ دل کھول کے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی امداد کریں۔ ان شاء الله 12 ستمبر بروز جمعہ دھولیہ شہر کی تمام مساجد میں جمعیت علماء ( مولانا ارشد مدنی) کی جانب سے اجتماعی چندہ جمع کیا جائے گا۔
نوٹ : انفرادی رسید بنانے کےلئے بعد نماز عشاء ،دفتر جمعیۃ علماء مدرسہ سراج العلوم، مولوی گنج میں تشریف لائیں۔
٭ اللہ پاک تمام مخیرین کی امداد کو قبول فرمائے ۔ دونوں جہان میں اپنی شایانِ شان بہترین بدلہ عطا فرمائے اور جمعیۃ علماء دھولیہ کو سیلاب متاثرین اور دیگر پریشان حال لوگوں کی مدد کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین
الملتمسین
حافظ حفظ الرحمٰن مولانا ابو العاص (صدر جمعیۃ علماء ضلع دھولیہ )
مولانا ضیا ء الرحمٰن قاسمی (صدر شہر جمعیۃ علماء دھولیہ)
و اراکین جمعیۃ علماء(مولانا ارشدمدنی) دھولیہ