Saturday, 28 December 2024

ولادیمیر پوتن نے آذربائیجان سے مانگی معافی، بتایا : کیسے حادثہ کا شکار ہوا تھا طیارہ



ماسکو : روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ہفتے کے روز قزاقستان میں آذربائیجان کے ایک طیارے کے حادثے کے المناک واقعے پر آذربائیجان کے صدر سے معافی مانگی ہے۔ اس حادثے میں 38 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ طیارہ بدھ کو آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی کے لیے روانہ ہوا تھا۔ ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد اس کا راستہ تبدیل کر دیا گیا اور طیارہ قزاقستان میں لینڈ کرنے کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں 38 افراد کی موت اور 29 زخمی ہوگئے تھے۔
ہفتے کے روز ایک سرکاری بیان میں روسی صدر کے دفتر ‘کریملن’ نے کہا کہ گروزنی کے قریب فضائی دفاعی نظام نے 25 دسمبر کو یوکرین کے ڈرون حملے کی وجہ سے فائرنگ کی۔ تاہم اس نے یہ کہنے سے گریز کیا کہ ان میں سے ہی ایک طیارے سے ٹکرا گیا۔

ایک روز قبل 27 دسمبر کو روس کے ایوی ایشن چیف نے بھی بتایا تھا کہ اس ہفتے کے شروع میں جب ایک آذربائیجانی طیارہ قزاقستان کی طرف جانے سے پہلے اترنے کی کوشش کرتے وقت گر کر تباہ ہو گیا ، تب چیچنیا کے علاقے میں یوکرین کا ایک ڈرون حملہ کر رہا تھا۔

شروع میں آذربائیجان، قزاقستان اور روس کے حکام نے سرکاری جانچ مکمل ہونے تک حادثے کی ممکنہ وجہ کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی تھی، لیکن آذربائیجان کے ایک رکن پارلیمنٹ راسیم موسابیکوف نے اس حادثے کا ذمہ دار ماسکو کو ٹھہرایا تھا، جو اب سچ ثابت ہو گیا ہے۔
راسیم موسابیکوف نے آذربائیجان کی خبر رساں ایجنسی ‘توران’ کو 26 دسمبر کو بتایا تھا کہ گروزنی کے اوپر آسمان پر طیارے پر فائرنگ کی گئی تھی۔ انہوں نے روس سے سرکاری طور پر معافی مانگنے کیلئے کہا تھا۔

حادثے کی سرکاری تحقیقات شروع ہوئی تو ہوا بازی کے بعض ماہرین کا کہنا تھا کہ طیارے کے عقب میں نظر آنے والے سوراخوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ یوکرین کے ڈرون حملے سے بچنے کے لیے روسی فضائی دفاعی نظام کے جوابی حملے کا نشانہ بن گیا ہوگا اور اب جبکہ پوتن نے معافی مانگ لی ہے تو اس سے ثابت ہوتا ہے کہ آذربائیجان کا طیارہ روسی حملے کا ہی نشانہ بنا تھا۔

*🛑سیف نیوز اُردو*

محترم جناب انیس لعل خان سر کی والدہ محترمہ کا مقدس سرزمین مکۃ المکرمہ میں انتقال اسد الدین اویسی کی ’وندے ماترم‘ کو ...