*ایم ایل اے مفتی محمد اسمٰعیل کی دوسالہ کارکردگی زیرو بٹے سناٹا*
*ایوانِ اسمبلی میں فرقہ پرست الزامات کی بوچھار کرتے رہے اور ہمارا نمائندہ منہ میں گھگھنی بھرے بیٹھا رہا*
*اپنی نااہلی اور ناکامی پر پردہ ڈالنے کیلئے عصبیت کی مکروہ سیاست کا گندا کھیل*
*مالیگاؤں (احرار نیوز نیٹ ورک ) 24، نومبر :* گذشتہ روز 23، نومبر کو مالیگاؤں سینٹرل کے ایم ایل اے مفتی محمد اسمٰعیل اور ان کے حواریوں نے اسمبلی رکنیت کی تیسری ٹرم کا دوسال مکمل کیا۔ فدائی دستہ، ایم ایل اے ورکنگ کمیٹی اور مفتی اسمٰعیل کے اندھ بھکتوں نے بڑی دھوم دھام اور شان و شوکت سے دوسالہ جشن منایا لیکن ان کی یہ میعاد بھی زیرو بٹے سناٹا رہی ہے۔ واضح رہے کہ مفتی اسمٰعیل کی اس تیسری میعاد کے شروع ہوتے ہی بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا نے مقامی تحصیل آفس سے جنم داخلے بنائے جانے پر مالیگاؤں شہر کو بنگلہ دیشی اور روہنگیائی مسلمانوں کی پناہ گاہ کا نام دیکر ان جنم داخلوں کو بوگس قرار دیا جبکہ کریٹ سومیا کے مطالبہ پر وزیراعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ایس آئی ٹی تشکیل دیتے ہوئے اس معاملہ میں خواتین سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کرکے سالوں جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ اس موقع پر آصف شیخ رشید کی سرپرستی میں دیگر سیاسی پارٹیوں کی معاونت سے مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی تشکیل دیکر متاثرین کو قانونی مدد پہنچائی گئی۔ اسی طرح ووٹر لسٹ میں نظرثانی کیلئے ایس آئی آر(اسپیشل انٹینسیو ریویژنSpecial Intensive Revision ) لاگو کیا گیا اور ضروری کاغذات جمع کرنے میں اہلیانِ شہر کو ہونے والی پریشانی اور دقتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے سابق رکن اسمبلی و انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر کے بانی آصف شیخ رشید نے شہر بھر میں پچاسوں ہیلپ سینٹر کھول کر راحت رسانی کا کام کیا۔ جبکہ شہر کا نمائندہ خاموش تماشائی بنا بیٹھا رہا۔ علاوہ ازیں پاورلوم صنعت مسلسل کساد بازاری اور مندی کا شکار رہی لیکن مجلسی ایم ایل اے نے حکومت سے کوئی نمائندگی نہیں کی، پرائیویٹ بجلی کمپنی (MPSL) بجلی صارفین پر کبھی فالٹی بل، کبھی بجلی چوری، کبھی ناقص سپلائی کے ذریعہ مسلسل عذاب بنی رہی ایم ایل اے کی جانب سے کوئی ردعمل نہ ہونے پر ان کی من مانی بڑھتی رہی، فرقہ پرستوں کی جانب سے ایوانِ اسمبلی میں کبھی غیر قانونی سلاٹرنگ کا الزام لگا کر مذبح خانوں کو نشانہ بنایا گیا تو کبھی سنگمیشور اور درے گاؤں میں زمینوں کی خریداری پر ہنگامہ برپا کیا گیا، بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا کے ذریعہ اسمبلی الیکشن کے ایام میں حوالہ کی رقم کے استعمال کا الزام عائد کرکے شہر عزیز کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی لیکن مالیگاؤں سینٹرل سے تیسری مرتبہ منتخب ہونے والے مفتی محمد اسمٰعیل صاحب منہ میں گھگھنی بھرے بیٹھے رہے۔
اس ضمن میں ملی اطلاعات کے مطابق اپنی تیسری ٹرم کے آغاز پر مفتی اسمٰعیل صاحب نے اسمبلی اجلاس کے دوران کسی دوسرے کی لکھی اسکرپٹ پڑھ کر مالیگاؤں شہر کی درجنوں تعلیم گاہوں پر انکوائری جاری کروادی جبکہ ان درسگاہوں سے اسمبلی الیکشن میں موصوف کیلئے پرچار تک کئے جانے کی اطلاع تھی۔ جاری دوسالہ میعاد کے دوران اسمبلی اجلاس میں بی جے پی کے ایم ایل سی وکرانت پاٹل نے غیر قانونی مذبح خانوں کے حوالے سے موسم ندی کا پانی آلودہ ہونے، احمد نگر کے ایم ایل اے سنگرام جگتاپ نے میونسپل کارپوریشن میں کرپشن کے چلتے اساتذہ کی تنخواہ نہ ہونے، بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی نتیش رانے اور گوپی چند پڈالکر نے ایوان اسمبلی میں لینڈ جہاد کا معاملہ اجاگر کرکے مالیگاؤں جیسے مسلم اکثریتی شہر میں کارروائی کی مانگ کرتے ہوئے دریگاؤں شیوار اور سنگمیشور شیوار میں غیر قانونی طور پر زمینوں کی خریداری اور بی جے پی کے ہی ایم ایل سی پرینئے پھوکے نے راست طور پر مالیگاؤں کی سائزنگوں کو غیر قانونی ظاہر کرتے ہوئے ڈائریکٹر آف اسٹیم بائلرس مہاراشٹر کی اجازت کے بغیر سائزنگ کو منظوری حاصل نہ ہونے کا الزام عائد کرکے بنکروں کی پاورلوم صنعت پر حملہ کیا لیکن مفتی اسمٰعیل صاحب موجودہ فرقہ پرست حکومت کا دم چھلہ بنے گھومتے دکھائی دیئے۔ انہوں نے اپنی جاری دو سالہ میعاد میں نہ تو ایوان اسمبلی میں کوئی آواز اٹھائی اور نہ ہی کوئی تعمیر کیلئے ایک اینٹ رکھی گئی۔
اب جبکہ اہلیانِ شہر مالیگاؤں سینٹرل کے نمائندہ اسمبلی سے ان کی اپنی ذمہ داریوں پر گفتگو کرنے لگے ہیں، ان کی کارکردگی پر نظر رکھنے لگے ہیں اور ان سے بازپرس کی ہمت جٹانے لگے ہیں تو جواب دہی کے خوف اور اپنی نااہلی اور ناکامی پر پردہ ڈالنے کیلئے ایم ایل اے ورکنگ کمیٹی، فدائین دستہ اور اپنے اندھ بھکتوں کے ذریعہ شہر بھر میں عصبیت اور برادری واد کی مکروہ سیاست کا گندا کھیل کھیلنے کے لیے دانہ پانی فراہم کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
*’کیا ہم بھکاری ہیں؟‘ سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت کے دوران سہارنپور سے ایس پی امیدوار کے نام کا اعلان کئے جانے پر عمران مسعود برہم*
سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور کانگریس 2027 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے پہلے بھلے ہی اتحاد کا مظاہرہ کر رہی ہوں، لیکن سیٹوں کی تقسیم کو لے کر جاری بات چیت نے ریاست میں انڈیا اتحاد کے اندرونی اختلافات کو بے نقاب کرنا شروع کر دیا ہے۔ تازہ تنازع مغربی اتر پردیش سے سامنے آیا ہے، جہاں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور ریاستی ورکنگ صدر عمران مسعود نے ایس پی سربراہ اکھیلیش یادو کے یکطرفہ فیصلوں پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ وہ اس طرح کا رویہ قبول نہیں کریں گے۔
ایس پی کی جانب سے سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت کے دوران ہی امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عمران مسعود نے کہا کہ ’’میں یہ سمجھ نہیں پا رہا ہوں۔ یہ میری سمجھ سے باہر ہے۔ کیا ہم بھکاری ہیں؟ کیا آپ ہمارے ساتھ ایسا سلوک کریں گے کہ ہم نے آپ سے سیٹیں مانگی بھی نہیں اور آپ نے 26 سیٹوں کا اعلان کر دیا؟ ہم نے آپ سے سیٹوں کا مطالبہ تک نہیں کیا۔ اگر آپ کا کام کرنے کا یہی طریقہ ہے کہ آپ اپنی شرائط ہم پر مسلط کریں گے، تو مجھ جیسا خوددار شخص یہ سب برداشت نہیں کر سکتا۔‘‘
تاہم، عمران مسعود کی ناراضگی صرف اس بات تک محدود نہیں ہے کہ کانگریس کو کتنی سیٹیں ملیں گی۔ کانگریس ذرائع کے مطابق، وہ خاص طور پر ایس پی کی جانب سے ان کے آبائی ضلع کی دو اسمبلی نشستوں بہٹ اور سہارنپور پر امیدواروں کے اعلان سے ناراض ہیں۔ عمران مسعود چاہتے ہیں کہ ان دونوں نشستوں پر کانگریس اپنے امیدوار میدان میں اتارے۔
ذرائع نے سی این این نیوز 18 کو بتایا کہ عمران مسعود اس بات پر اصرار کر رہے ہیں کہ کانگریس ان دونوں سیٹوں پر الیکشن لڑے۔ ان کا ماننا ہے کہ ایس پی کی جانب سے یکطرفہ طور پر امیدواروں کا اعلان اتحاد کی سیاست کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ فی الحال وہ کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اپنے اگلے قدم کے بارے میں فیصلہ کرنے سے پہلے اس کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قیادت سے بات چیت کے بعد وہ اپنا موقف عوامی طور پر سامنے رکھیں گے۔
اس معاملے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ یہ سہارنپور خطے کی وہی اسمبلی سیٹیں ہیں، جو کانگریس کی انتخابی حکمت عملی میں اہم کردار رکھتی ہیں۔ توقع ہے کہ راہل گاندھی دسمبر میں سہارنپور سے اتر پردیش میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔
بتادیں کہ منگل کی رات ایس پی نے 2027 کے اسمبلی انتخابات کے لیے پانچ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ پارٹی نے بہٹ سے عمر علی خان، سہارنپور سے آشو ملک، کیرانہ سے ناہد حسن، امروہہ سے محبوب علی اور للت پور سے جیوتی لودھی کو امیدوار بنایا ہے۔
*سعودی عرب پر حوثی باغیوں کا بڑا حملہ، دو ہندوستانی سمیت 11 افراد زخمی، یمن ایئرپورٹ پر بھی جوابی بمباری*
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک بار پھر بڑا حملہ ہوا۔ یمن کے حوثی جنگجوؤں نے شہر کی سب سے اونچی عمارت کو نشانہ بنایا، جس میں کم از کم 11 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں دو ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ ریاض میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ہندوستانی شہریوں کو چوٹیں آئی ہیں اور ان کی حالت سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ سفارت خانے نے یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
یہ حملہ اس عمارت پر ہوا ہے، جہاں سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) کا ہیڈکوارٹر واقع ہے۔ سعودی عرب کے سول ڈیفنس نے زخمیوں کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے عمارت کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔ تصویر میں عمارت کے سامنے والے حصے میں درمیان کے قریب نقصان نظر آ رہا ہے۔ ابتدائی تصویر سے یہ واضح نہیں ہے کہ تازہ حملے میں عمارت کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔ وہیں دوسری جانب حوثی باغیوں کے قبضے والے حدیدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی حملہ ہوا ہے۔
ایک ہفتے میں دوسری بار نشانے پر آئی عمارت
ریاض کی اس عمارت پر ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں یہ دوسرا حملہ ہے۔ اس سے پہلے 19 نومبر کو بھی اسی عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس حملے میں عمارت کو نقصان پہنچا تھا، لیکن کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی تھی۔ سعودی عرب کی قیادت والے اتحاد نے گزشتہ روز بتایا کہ تازہ حملہ ڈرون کے ذریعے کیا گیا۔ اتحاد نے حوثی جنگجوؤں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں اور ان کی املاک کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کا جواب فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔
سعودی عرب کے ایئرپورٹس اور تیل کے ٹھکانے بھی نشانے پر
یمن کے حوثی جنگجو ملک کے بڑے حصے پر کنٹرول رکھتے ہیں۔ دارالحکومت صنعاء بھی ان کے قبضے میں ہے۔ جولائی میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے اثرات کے باعث یمن میں رکا ہوا تنازع ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا۔ اس کے بعد سے حوثی جنگجو سعودی عرب کے ایئرپورٹس، تیل سے وابستہ ٹھکانوں اور دفتری عمارتوں پر حملے کر رہے ہیں۔ ان حملوں کا اثر سعودی عرب کی معیشت اور بین الاقوامی سرگرمیوں پر بھی پڑا ہے۔ ریاض آنے والی زیادہ تر بین الاقوامی پروازیں منسوخ کرنی پڑی ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کو کئی بڑے بین الاقوامی پروگرام ملتوی یا منسوخ کرنے پڑے ہیں۔
یمن کے حدیدہ ایئرپورٹ پر بھی فضائی حملے
اس دوران یمن کے مغربی حصے میں حوثی جنگجوؤں کے کنٹرول والے حدیدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی فضائی حملوں کی خبر سامنے آئی ہے۔ حوثی جنگجوؤں سے وابستہ میڈیا اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایئرپورٹ کو نشانہ بنا کر حملے کیے گئے ہیں۔ تاہم، ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ حملے میں کتنا نقصان ہوا ہے اور اس کے نتیجے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع ہے یا نہیں۔