بزم صحافت کے تحت بھارت ایکسپریس اردو کانکلیو میں شاندار آل انڈیا مشاعرہ وکوی سمیلن کا کامیاب انعقاد، شعروسخن کی محفل نے لوگوں کو تالیاں بجانے پر کردیا مجبور
نئی دہلی: بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کے زیر اہتمام بزم صحافت کے تحت اردو کانکلیو میں انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر، لودھی روڈ میں 26 نومبر کو ’بزم صحافت‘ کے تحت بھارت ایکسپریس اردو کانکلیو کا شاندار اور تاریخی انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کانکلیو کا افتتاح کیا۔ آرٹ، کلچر اینڈ لینگوئجز کے وزیر کپل مشرا مہمان اعزازی کی حیثیت سے پروگرام میں شامل ہوئے۔ اس سیشن کی صدارت بھارت ایکسپریس کے چیئرمین، سی ایم ڈی اور ایڈیٹر اِن چیف اپیندر رائے نے کی۔ سیاسی، ثقافتی و ادبی اعتبار سے یہ پروگرام نہایت اہم ثابت ہوا، جس میں ملک بھر سے سیکڑوں کی تعداد میں اردو زبان کے چاہنے والے، ادیب، اسکالرز، صحافی اور طلبہ شریک ہوئے۔اس پروگرام کا آخری سیشن آل انڈیا مشاعرہ وکوی سمیلن تھا جو روایات سے بالکل الگ اور اپنے انداز کا ایک کامیاب اور منفرد مشاعرہ رہا۔ مشاعرے نے تاریخ رقم کرتے ہوئے شام کے منظر کو مزید حسین اور یادگار بنادیا۔ مشاعرے وکوی سمیلن کی صدارت شکیل اعظمی نے کی، مہمان اعزازی کی حیثیت سے پروفیسر رحمان مصور شریک ہوئے جبکہ معین شاداب نے ناظم مشاعرہ کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیے۔ ملک کے الگ الگ حصوں سے شریک شعرا میں اقبال اشہر، انل اگرونشی، اظہر اقبال، ڈاکٹر افروز طالب، سریتا جین، ممتاز نسیم، ہمانشی بابرا اور اکمل بلرامپوری نے اپنے اشعار کے ذریعہ لوگوں کو شعروادب کا پرستار بنادیا۔ شعرا کے ذریعہ پیش کیے اشعار:
دل بسے تھے مگر اجڑ رہے تھے
ہم محبت کی جنگ لڑرہے تھے
ایک ہی دن میں سب نہیں ہوا ختم
ہم کئی روز سے بچھڑ رہے تھے
شکیل اعظمی
ہندی مہک رہی ہے لوبان جیسی میری
لہجے کو میں نے اپنے اردو کیا ہوا ہے
رحمان مصور
میں نیچا ہوگیا اپنی نظر میں
مری آواز اونچی ہوگئی تھی
اقبال اشہر
کپ میں موجود رہی اس کے چھون کی خوشبو
چائے پیتا ہوں تو آتی ہے بدن کی خوشبو
اظہر اقبال
ہمارے آنسوؤں کی کس قدر توہین کی اس نے
کسی کے سامنے روکر بہت پچھتا رہے ہیں ہم
معین شاداب
ہنسنا ہنسانا عادت ہے میری
اپنا بنانا عادت ہے میری
لوگ منہ پھیر کے چل دیتے ہیں
آواز دے کر بلانا عادت ہے میری
انل اگرونشی
گل کبھی سوکھ کے بھی دوب نہیں ہوتا ہے
سچ کبھی جھوٹ سے مرعوب نہیں ہوتا ہے
ڈاکٹر افروز طالب
کیسا صلہ ملا ہے مجھے اعتبار کا
منہ دیکھتی ہوں روز ترے انتظار کا
ہمانشی بابرا
محبتوں کو ترازو پہ تولنے والے
تو میری سوچ کی دنیا سے جانے والا ہے
جو حیثیت کو پرکھ کرکے سب سے ملتے ہیں
انہیں بتاؤ میرا وقت آنے والا ہے
اکمل بلرامپوری
دہلی بلاسٹ کیس کی جانچ ہوئی تیز، پولیس نے نجی اسپتالوں سے بیرونِ ملک سے تعلیم یافتہ ڈاکٹروں کی طلب کیں تفصیلات
نئی دہلی: دہلی بلاسٹ کیس کی تحقیقات میں تیزی آگئی ہے۔ دہلی پولیس نے شہر کے تمام نجی اسپتالوں کو نوٹس جاری کرکے ان ڈاکٹروں کی معلومات فراہم کرنے کو کہا ہے جنہوں نے بیرونِ ملک سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی ہے اور اس وقت دہلی میں پریکٹس کر رہے ہیں۔
پولیس نے خاص طور پر پاکستان، بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور چین سے ایم بی بی ایس کرنے والے ڈاکٹروں کے بارے میں تفصیلات طلب کی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ قدم سیکورٹی کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ اس کے تحت اسپتال انتظامیہ کو بیرونِ ملک سے تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی مکمل معلومات پولیس کے حوالے کرنی ہوں گی۔
شعیب کو فریدآباد سے کیا گیا تھا گرفتار
اس سے قبل 26 نومبر کو دہلی بلاسٹ کیس میں این آئی اے (نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی) نے شعیب نامی ملزم کو 10 روزہ ریمانڈ پر لیا تھا۔ شعیب کو فریدآباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اسے پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں ریمانڈ کی منظوری دی گئی۔ دہلی دھماکہ کیس کے ایک اور ملزم عامر راشد علی جس کی این آئی اے کی حراست اس دن ختم ہو رہی تھی، کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا اور اس کی تحویل میں سات دن کی توسیع کر دی گئی۔
شعیب پر ڈاکٹر عمر کو پناہ دینے کا الزام
این آئی اے کے مطابق، شعیب نے ڈاکٹر عمر محمد (جو عمر النبی کے نام سے بھی مشہور ہے) کو دھماکے سے قبل پناہ دی تھی۔ اس کے علاوہ اس نے دھماکے کی منصوبہ بندی میں لاجسٹک سپورٹ بھی فراہم کی۔ یہ کار بم دھماکہ 10 نومبر کو لال قلعہ کے قریب ہوا تھا، جس میں کئی افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
معاملے میں گرفتار ساتواں ملزم ہے شعیب
شعیب اس معاملے میں گرفتار ساتواں ملزم ہے۔ اس سے قبل این آئی اے عمر کے چھ قریبی ساتھیوں کو گرفتار کرچکی ہے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ خودکش دھماکے سے متعلق تمام شواہد اور مشتبہ افراد تک پہنچنے کے لیے متعدد ریاستوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ این آئی اے کا مقصد ہے کہ پورا دہشت گرد نیٹ ورک بے نقاب کیا جائے اور اس کے تمام اراکین کو گرفتار کیا جائے۔
سونے اور چاندی کے دام میں ہوا اضافہ، کیا یہی ہے سرمایہ کاری کا درست وقت ، مکمل معلومات یہاں جانیں
شادیوں کا سیزن شروع ہو چکا ہے، ایسے میں لوگوں کا بازاروں کا رخ کرنا اور سونا چاندی خریدنے کا سلسلہ آئندہ کئی مہینوں تک جاری رہنے والا ہے۔ اگر آپ بھی سونا چاندی خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں یا سونا چاندی میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تو آج کی یہ خبر آپ کے لیے ضروری ہے۔ بتا دیں کہ سررافہ بازار میں آج سونے اور چاندی کے دام میں بھاری تیزی درج کی گئی ہے۔ آئیے جانتے ہیں سررافہ بازار میں آج سونا چاندی کتنے میں فروخت ہو رہا ہے۔
دہلی میں سونے کے دام
دارالحکومت دہلی کے سررافہ بازار میں سونے کے ریٹ میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔ بتا دیں کہ جو 22 کیرٹ سونا کل 1,17,900 روپے فی 10 گرام کی قیمت پر فروخت ہو رہا تھا، وہ آج 1,19,150 روپے فی 10 گرام کے حساب سے فروخت ہوگا۔ وہیں اگر 24 کیرٹ سونے کی بات کریں تو جو کل 1,28,610 روپے فی 10 گرام کی قیمت میں دستیاب تھا، وہ آج 1,29,970 روپے فی 10 گرام کے حساب سے فروخت ہوگا۔
چاندی کی قیمت
اگر ملک کی راجدھانی دہلی میں چاندی کے ریٹ کی بات کریں تو بتا دیں کہ چاندی کے داموں میں بھاری اضافہ درج کیا گیا ہے۔ سررافہ بازار میں آج چاندی 1,85,000 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت ہوگی، جو کل 1,76,000 روپے فی کلوگرام کی قیمت پر دستیاب تھی۔
یوپی میں سونے کا ریٹ
اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے سررافہ بازار میں بھی سونے کے ریٹ میں بھاری اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 22 کیرٹ سونا جو کل 1,17,900 روپے فی 10 گرام پر فروخت ہو رہا تھا، وہ آج 1,19,150 روپے فی 10 گرام کی قیمت پر دستیاب ہوگا۔ وہیں 24 کیرٹ سونا جو کل 1,28,610 روپے فی 10 گرام مل رہا تھا، وہ آج 1,29,970 روپے فی 10 گرام ملے گا۔
ایم پی میں سونے کی قیمت
اگر مدھیہ پردیش کی تجارتی راجدھانی اندور کے سررافہ بازار کی بات کریں تو یہاں بھی سونے کی قیمت میں کافی تیزی دیکھنے کو ملی ہے۔ 22 کیرٹ سونا جو کل 1,17,900 روپے فی 10 گرام میں فروخت ہو رہا تھا، وہ آج 1,19,150 روپے فی 10 گرام میں فروخت ہوگا۔ 24 کیرٹ سونا جو کل 1,28,610 روپے فی 10 گرام مل رہا تھا، وہ آج 1,29,970 روپے فی 10 گرام دستیاب ہوگا۔