Wednesday, 27 September 2023

عید میلادالنبی ﷺ کی عام تعطیل 29 ستمبر کو

ممبئی: مہاراشٹر حکومت نے سماج وادی پارٹی کے مطالبے پر رواں برس عید میلادالنبی ﷺ کی عام تعطیل 29 ستمبر کو کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 
رواں برس جشن عید میلادالنبی ﷺ اور گنپتی کا تہوار ایک ہی دن (28 ستمبر) کو ہونے کی وجہ سے ریاست کے علما کرام، ائمہ کرام، مسلم دانشوران اور تنظیموں کی جانب سے بائیکلہ میں واقع خلافت ہاوس میں ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔ اس میٹنگ میں ریاست میں جشن عید میلادالنبی ﷺ اور گنپتی کا تہوار پرامن طریقے سے منانے کے لئے متفقہ طور پر جشن عید میلادالنبی ﷺ 28 ستمبر کے بجائے 29 ستمبر کو منانے کا فیصلہ کیا گیا اور مسلمانوں سے یہ اپیل کی گئی کہ وہ جشن عید میلادلنبی ﷺ 29 ستمبر کو منائیں تاکہ گنپتی کا تہوار 28 ستمبر کو پرامن طریقے سے منایا جا سکے اور اس کے بعد 29 ستمبر کو جشن عید میلادالنبی ﷺ کے جلسوں اور جلوسوں کا اہتمام کیا جا سکے۔ 
اس ضمن میں سماج وادی پارٹی کے بھیونڈی مشرق سے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے بتایا کہ ہم نے ریاست کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو 20 ستمبر کو ایک مکتوب روانہ کیا اور انہیں بتایا کہ ریاست میں مسلمان خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں اور اس دوران جلسوں اور جلوسوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ رواں برس عید میلادالنبی ﷺ 28 ستمبر کو ہے جس کے مدنظر حکومت کی طرف سے عام تعطیل اسی روز مقرر کی گئی ہے لیکن 28 ستمبر کے روز ہی ریاست میں گنپتی کا تہوار ہے جس کے مدنظر ریاست کے علما کرام، ائمہ کرام، مسلم دانشوران اور تنظیموں نے ریاست میں آپسی بھائی چارہ اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے متفقہ طور پر جشن عید میلادالنبی ﷺ 29 ستمبر کے روز منانے کا فیصلہ کیا ہے لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ ریاست میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کی عام تعطیل 28 ستمبر کے بجائے 29 ستمبر کو مقرر کی جائے۔ رئیس شیخ نے بتایا کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ہمارے مطالبے پر غور کرتے ہوئے رواں برس عید میلادالنبی ﷺ کی عام تعطیل 28 ستمبر سے تبدیل کر کے 29 ستمبر کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

*🛑سیف نیوز اُردو*

نویں کے طلبہ سے...ڈاکٹر مبین نذیر آپ سوچیں گے کہ بھئی یہ نویں جماعت کے طلبہ سے کیا کہنا؟ ابھی تو ان کے بورڈ کے امتحا...