*رام مندر، بٹوگے تو کٹوگے، پاکستان اور براہموس... یوگی آدتیہ ناتھ کے انٹرویو کے 10 اہم پوائنٹس*
اتر پردیش میں اگلے سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ ریاست کی سیاست میں ابھی سے ہلچل شروع ہو گئی ہے۔ اسی درمیان اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے نیوز 18 کو ایک خصوصی انٹرویو دیا ہے۔ سی ایم یوگی نے بی جے پی کی انتخابی جیت سے لے کر نظم و نسق، رام مندر، براہموس میزائل اور راہل گاندھی تک کئی اہم معاملات پر کھل کر اپنی بات رکھی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی اتر پردیش میں تیسری بار مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی۔
نیوز 18 کے ایڈیٹر اِن چیف اور منیجنگ ایڈیٹر راہل جوشی کے ساتھ گفتگو میں سی ایم یوگی نے اپوزیشن کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کانگریس اور سماج وادی پارٹی پر پولرائزیشن کی سیاست کرنے، انتخابی شکست کا ٹھیکرا ای وی ایم اور الیکشن کمیشن پر پھوڑنے اور رام مندر کی مخالفت کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے ’بٹوگے تو کٹوگے‘ کے نعرے کو بھی دہرایا۔ آئیے جانتے ہیں سی ایم یوگی کے بیان کی 10 بڑی باتیں۔
سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کے انٹرویو کی 10 اہم باتیں:
تیسری بار بنے گی حکومت: سی ایم یوگی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بی جے پی تیسری بار اتر پردیش میں زبردست اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی۔
بٹوگے تو کٹوگے: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ایک ایک واقعہ بیان کرنے میں کافی وقت لگے گا، اس لیے ایک ہی جملے میں سمجھانا ہوتا ہے کہ ’بٹوگے تو کٹوگے‘۔
براہموس سے پاکستان تک: ’جہاں پہلے کٹے اور بم بنتے تھے، وہاں آج براہموس میزائل بن رہی ہے۔ جب ہندوستانی فوج اسے داغتی ہے تو پاکستان ’باپ باپ‘ کہہ کر چیخنے لگتا ہے۔
‘ جنریشن زی کو پرانا اتر پردیش بتانا ہوگا: ’موجودہ وقت اسی وقت محفوظ اور بہتر ہوگا، جب ہم اپنے ماضی کو جانیں گے اور ماضی کی غلطیوں کو ختم کریں گے۔
‘ سب کا ساتھ اور سب کا وکاس: سب کا ساتھ، سب کا وکاس ہمارا بنیادی نظریہ ہے۔ ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، لیکن پولرائزیشن کی سیاست نہیں کریں گے۔
ای وی ایم اور الیکشن کمیشن: سی ایم یوگی نے کہا کہ جب یہ جیتتے ہیں تو اس کا سہرا اپنے سر لیتے ہیں اور جب ہارتے ہیں تو ای وی ایم کو غلط اور الیکشن کمیشن کو قصوروار ٹھہراتے ہیں۔ کانگریس اپنی قیادت کی ناکامی کا ٹھیکرا کبھی ای وی ایم، کبھی ووٹ چوری اور کبھی ایس آئی آر پر پھوڑتی ہے۔
راہل میں پختگی کی کمی: ’راہل گاندھی کا بدقسمتی بھرا پہلو یہ ہے کہ وہ ہر اس مہم کا حصہ بنتے ہیں جو ہندوستان کے خلاف ہوتی ہے۔ انہیں ہلکی اور غیر ذمہ دارانہ باتوں سے گریز کرنا چاہیے۔ راہل میں پختگی کی کمی ہے۔
‘ رام مندر اور اپوزیشن پر حملہ: ’جن لوگوں نے ایودھیا کی توہین کی اور رام بھکتوں پر گولیاں چلوائیں، ان کی تاریخ کیا رہی ہے؟ سماج وادی پارٹی اور کانگریس کی تاریخ شری رام مندر کی مخالفت کی رہی ہے۔
‘ اے آئی ایم آئی ایم اور چندر شیکھر کے اتحاد پر: ’سماج وادی پارٹی ہر محاذ پر شکست کھا چکی ہے۔ کانگریس اور سماج وادی پارٹی نے انہیں اپنی بی ٹیم کے طور پر میدان میں اتارا ہے۔ سماج وادی پارٹی اور کانگریس دو کشتیوں پر سوار ہیں، لیکن ان میں سے ایک کشتی کو ڈوبنا ہی ہے۔
‘ اتر پردیش میں نظم و نسق پر: اتر پردیش میں امن و قانون کی صورتحال پر سی ایم یوگی نے کہا کہ آج یوپی میں کہیں کوئی واقعہ ہوتا ہے تو دوسری ریاستوں میں بھی یوپی پولیس کی مدد لینے کی بات ہوتی ہے۔ یوپی پولیس کی طرف دیکھنے کی ہمت کوئی غنڈہ نہیں کرے گا۔
*امریکہ نے قشم جزیرہ پر کیا حملہ تو ایران نے بھی بحرین میں امریکی رڈار کو بنایا نشانہ، حالات پھر انتہائی کشیدہ*
جب پوری دنیا یہ امید لگائے بیٹھی تھی کہ بات چیت کے ذریعے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم ہوگی، عین اسی وقت رات کے اندھیرے میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دیے ۔ خلیج فارس میں ایک بار پھر جنگ جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ امریکہ نے ایران کے انتہائی اہم سمجھے جانے والے جزیرہ قشم کو نشانہ بنایا ہے، تو وہیں ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے بحرین میں موجود امریکی ریڈار سسٹم پر ڈرون سے حملہ کر دیا ہے۔ اس پوری کشیدگی کے درمیان امن کی وکالت کرنے والا قطر چیختا رہ گیا، کیونکہ اس کی ثالثی کی تمام کوششوں کے دوران زمین پر گولے اور میزائل برسنے لگے ہیں۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ’مہر نیوز ایجنسی‘ کی رپورٹ کے مطابق، منگل کے روز امریکہ نے ایران کے جزیرہ قشم کے کئی ٹھکانوں پر زبردست حملے کیے ہیں۔ شہر قشم کے شمال مغربی حصے میں رہنے والے لوگوں نے ایک کے بعد ایک کئی زوردار دھماکوں کی آوازیں سنیں، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حالانکہ، ابتدائی بیان میں ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے ان حملوں سے کسی بھی رہائشی، تجارتی یا دیگر بنیادی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ لیکن انتہائی حساس سمجھے جانے والے اس جزیرے پر براہ راست حملہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ اب ایران کو براہ راست پیغام دینے کے موڈ میں ہے، اور اس لڑائی میں جزیرہ قشم ایک طرح سے بلی کا بکرا بنتا نظر آ رہا ہے۔
ایران کا جوابی حملہ: بحرین میں امریکی ریڈار سسٹم پر ڈرون اٹیک
امریکی حملوں کے بعد ایران بھی خاموش نہیں بیٹھا۔ ایران کی طاقتور فوجی یونٹ پاسداران انقلاب (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر موجود ایک امریکی ریڈار سسٹم کو نشانہ بناتے ہوئے ڈرون حملہ کیا ہے۔ آئی آر جی سی نے اس کارروائی کو ’بدلہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی فوجی ڈرون مسلسل ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر رہے تھے اور یہ حملہ اسی کا جواب ہے۔
دوسری جانب، خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق، بحرین کے دارالحکومت منامہ میں بھی زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ یہ دھماکے اس وقت ہوئے جب بحرین کی وزارت داخلہ نے مقامی لوگوں کو ایک نامعلوم خطرے کے حوالے سے الرٹ جاری کیا تھا۔
حالانکہ، امریکہ نے ایران کے ان دعوؤں کو پوری طرح مسترد کر دیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے واضح طور پر کہا ہے کہ بحرین میں ان کے کسی بھی ریڈار سسٹم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ امریکی فوج کے مطابق، بحرین کی جانب داغے گئے کئی ایرانی ڈرونز کو فضا میں ہی مار گرایا گیا اور اس واقعے میں نہ تو امریکہ کے کسی فوجی ساز و سامان کو نقصان پہنچا ہے اور نہ ہی کوئی امریکی فوجی زخمی ہوا ہے۔
قطر کی اپیل نظر انداز، ثالثی کی کوششوں کو لگا بڑا جھٹکا
ایک طرف جہاں امریکہ اور ایران کے درمیان بم اور ڈرون چل رہے ہیں، وہیں اس پورے معاملے میں امن کے سفیر کا کردار ادا کرنے والا قطر بے بس نظر آ رہا ہے۔ قطر مسلسل اس کوشش میں مصروف ہے کہ کسی بھی طرح مذاکرات کی میز پر اس تصادم کو ختم کیا جائے، لیکن زمین پر جاری فوجی کارروائیوں نے اس کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے دوحہ میں ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع کو ختم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں اب بھی جاری ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ثالثی کے عمل کے تحت قطری حکام آنے والے چند گھنٹوں میں اپنے ایرانی وفد سے ملاقات کرنے والے ہیں، تاکہ امن مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکے۔
لیکن الانصاری کی باتوں میں واضح طور پر تشویش اور بے بسی جھلک رہی تھی۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’زمین پر کسی بھی طرح کا حملہ ثالثی کی کوششوں کے لیے ایک بڑا چیلنج کھڑا کرتا ہے‘۔ انہوں نے دونوں فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مزید کوئی اشتعال انگیز کارروائی نہ کرنے کی اپیل کی، لیکن فی الحال دونوں ممالک کے تیور دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ قطر کی یہ فریاد کسی نے نہیں سنی۔
آبنائے ہرمز میں سمندری بارودی سرنگوں کی تباہی، 5 آئل ٹینکر تباہ
زمین اور آسمان کے ساتھ ساتھ اب سمندر میں بھی خطرہ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ دنیا کے سب سے اہم تیل کے راستوں میں سے ایک ’آبنائے ہرمز‘ کے آس پاس کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ ایرانی بحریہ کے مطابق، 17 نومبر کو آبنائے ہرمز کے مشرق میں ایک اور آئل ٹینکر سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس سے اس میں بھیانک آگ لگ گئی اور جہاز کو بھاری نقصان پہنچا۔
اس حادثے کے ساتھ ہی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سمندری بارودی سرنگوں کی زد میں آ کر تباہ ہونے والے ٹینکروں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 5 ہو گئی ہے۔ ایرانی بحریہ کا دعویٰ ہے کہ یہ تازہ ترین جہاز اپنا نیویگیشن سسٹم بند کرکے ایک ممنوعہ علاقے سے گزر رہا تھا۔
*کواڈ‘ سمٹ میں گونجے وزیراعظم مودی کے اٹھائے 6 مسائل، پاکستان – چین کیلئے آئی بری خبر، ٹرمپ بھی ہوئے راضی*
17 نومبر کو فلپائن کی راجدھانی منیلا میں دو سال کے طویل انتظار کے بعد آخرکار ’کواڈ‘ سمٹ منعقد ہوئی۔ چار ممالک کے اعلیٰ رہنماؤں کے درمیان ہوئی اس اہم میٹنگ میں کئی زیر التوا مسائل پر بات چیت ہوئی۔ آسیان اجلاسوں کے علاوہ منعقد ہوئی اس سربراہی کانفرنس میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جاپان کی وزیر اعظم سانے تاکائیچی اور آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز آمنے سامنے آئے۔ اس تاریخی میٹنگ سے دنیا کو کئی سخت پیغامات ملے ہیں، جن میں سب سے اہم دہشت گردی کا مسئلہ ہے۔ پہلگام حملے کے بعد ہوئی اس پہلی کواڈ میٹنگ میں دہشت گردی کے حوالے سے سخت پیغام دیا گیا ہے۔
منیلا میں منعقدہ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد جاری بیان میں کئی ایسے بڑے فیصلے کیے گئے ہیں، جو انڈو پیسیفک خطے کا نقشہ بدل سکتے ہیں۔
خطے میں امن برقرار رکھنے اور مخالفت کے حوالے سے کواڈ رہنماؤں نے واضح طور پر کہا کہ کوئی بھی ملک طاقت کے زور پر یا اپنی من مانی کرکے موجودہ حالات کو تبدیل کرنے کی کوشش نہ کرے۔ اس کے علاوہ، ممالک پر اقتصادی دباؤ ڈالنے اور من مانے طریقے سے اشیا کی برآمدات پر پابندی لگانے کے معاملے پر بھی گہری تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
کواڈ بزنس لیڈرز فورم: سال 2027 کے آغاز میں پہلے ’کواڈ بزنس لیڈرز فورم‘ کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس میں چاروں ممالک کے بڑے کاروباری افراد، افسران اور پالیسی بنانے والے ماہرین شامل ہوں گے، تاکہ نجی شعبے میں کاروباری تعلقات کو مزید مضبوط کیا جاسکے۔
اے آئی ایکسیلیریٹر: اٹلانٹا میں وزرائے خارجہ کی جانب سے اعلان کردہ ’اے آئی ایکسیلیریٹر‘ کو منظوری دے دی گئی ہے، جو انڈو پیسیفک خطے میں قابل اعتماد مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی، اس کے فروغ اور تکنیکی مدد کے لیے فنڈ فراہم کرنے اور تال میل قائم کرنے کا کام کرے گا۔
سمندری سلامتی اور طیاروں کی مشق: سمندر کی سلامتی اور معلومات کے تبادلے کے لیے ’انڈو پیسیفک میری ٹائم سرویلنس کولیبوریشن‘ نام سے ایک نئی پہل کی گئی ہے۔ سال 2027 میں کواڈ ممالک یعنی امریکہ، ہندوستان، جاپان اور آسٹریلیا کے P-8 اور P-3C گشتی طیارے پہلی بار ایک ساتھ مشترکہ سمندری مشق کریں گے۔
کمیونیکیشن اور زیر سمندر کیبل پروجیکٹ: ’کواڈ پارٹنرشپ فار کیبل کنیکٹیویٹی اینڈ ریزیلینس‘ کے ذریعے مواصلات اور انٹرنیٹ کے محفوظ نیٹ ورک کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ اس میں آسٹریلیا نے بجلی کی کیبلز پر خصوصی توجہ دینے کی نئی ذمہ داری اٹھائی ہے۔ اس کے علاوہ بحر ہند میں نئے زیر سمندر کیبل پروجیکٹس لانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
دہشت گردی پر حملہ: سب سے اہم بات یہ ہے کہ پہلگام کے دہشت گردانہ واقعے کے بعد پہلی بار منعقد ہوئی اس کواڈ سمٹ کے مشترکہ بیان میں سرحد پار دہشت گردی اور ہر شکل کی انتہا پسندی کی سخت مذمت کی گئی ہے، جو ہندوستان کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔
کواڈ سمٹ میں وزیر اعظم مودی نے کون سے مسائل اٹھائے؟
اس میٹنگ میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کا وژن اور ان کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل توجہ کا مرکز رہے۔ پی ایم مودی نے عالمی پلیٹ فارم پر ہندوستان کی ترجیحات واضح کردیں۔
قابل اعتماد اور تعمیری شراکت داری: پی ایم مودی نے کواڈ کو ایک تعمیری اور قابل اعتماد شراکت داری قرار دیا، جو قدرتی آفات سے راحت فراہم کرنے سے لے کر نئی ٹیکنالوجیز تک ہر محاذ پر دنیا کو ٹھوس حل فراہم کررہی ہے۔
قابل اعتماد سپلائی چین اور ٹیکنالوجی: وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی سپلائی چین کو مضبوط رکھنا اور مستقبل کی نئی ٹیکنالوجیز میں باہمی تعاون بڑھانا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
آفات سے نمٹنے اور انسانی امداد: انڈو پیسیفک خطے کے ممالک کو قدرتی آفات سے بچانے اور انسانی امداد فوری طور پر فراہم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا معاملہ اٹھایا گیا۔
باقاعدہ سفارتی بات چیت: پی ایم مودی نے اس بات کو نمایاں کیا کہ گزشتہ سال جنوری سے اب تک چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ پانچ مرتبہ ملاقات کرچکے ہیں، جو اس شراکت داری کے تئیں ہماری غیر متزلزل سیاسی قوت ارادی کو ظاہر کرتا ہے۔
دو سال بعد کواڈ رہنماؤں کی منیلا میٹنگ سے ملنے والے 6 بڑے پیغامات
کواڈ کا اٹوٹ اتحاد: گزشتہ دو سالوں میں عالمی سطح پر کئی اتار چڑھاؤ آئے، لیکن منیلا کے اس پلیٹ فارم نے ثابت کردیا کہ کواڈ اب محض کاغذی تنظیم نہیں بلکہ ایک ٹھوس حقیقت ہے۔ اس میٹنگ نے دنیا کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ ہندوستان، امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا کی یہ اسٹریٹجک شراکت داری ہر امتحان پر پوری اتری ہے۔
چین کو براہ راست اسٹریٹجک پیغام: اس میٹنگ کے مرکز میں ہند-بحرالکاہل خطے میں امن اور توازن کا مسئلہ تھا۔ چاروں رہنماؤں نے کھل کر زور دیا کہ اس علاقے میں قوانین پر مبنی نظام کی پابندی ہونی چاہیے۔ ڈریگن کی بڑھتی ہوئی داداگیری کے درمیان یہ پیغام واضح ہے کہ اب اس سمندر میں کسی ایک ملک کی آمریت نہیں چلے گی
سمندری سلامتی اور جہاز رانی کی آزادی: عالمی تجارت کا ایک بہت بڑا حصہ انہی سمندری راستوں سے گزرتا ہے۔ ایسے میں سمندری سلامتی اور جہاز رانی کی آزادی کو فروغ دینا کواڈ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ بحر ہند سے لے کر بحرالکاہل تک سمندری حدود کی حفاظت کے لیے مل کر ایک مضبوط ڈھال تیار کی جا رہی ہے۔
سیمی کنڈکٹر اور سپلائی چین پر بڑا داؤ: جو ملک ٹیکنالوجی اور سپلائی چین پر حکمرانی کرے گا، وہی مستقبل کا بادشاہ ہوگا۔ کواڈ ممالک نے اہم معدنیات، سیمی کنڈکٹرز اور نئی ٹیکنالوجیز میں باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے کا عزم کیا ہے، تاکہ کسی ایک ملک پر انحصار ختم کیا جاسکے۔
ہندوستان کی ’ایکٹ ایسٹ‘ پالیسی کو ملی عالمی مضبوطی: اس میٹنگ میں ہندوستان کا کردار مرکزی رہا۔ پی ایم مودی کی ’ایکٹ ایسٹ‘ پالیسی اور ہند-بحرالکاہل خطے میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی طاقت کو اس پلیٹ فارم پر غیر معمولی مضبوطی ملی ہے، جس سے ہندوستان گلوبل ساؤتھ کے ساتھ ساتھ مغربی ممالک کے درمیان بھی ایک مضبوط مرکز کے طور پر ابھرا ہے۔