وہ سات طریقے جو طلبہ کی یادداشت کو بہتر بنا سکتے ہیں
اگر آپ سیکھنے کی صلاحیت اور یاد داشت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے مختلف طریقے ہیں، جیسے مائنڈ میپس، میمونکس، ایسوسی ایشن میتھڈ، لوکی میتھڈ اور دیگر کئی طریقے آپ کو زیادہ مؤثر انداز میں پڑھنے اور معلومات کو یاد رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ طریقے نہ صرف یاد کے عمل کو آسان بناتے ہیں بلکہ مطالعے کو دلچسپ اور دلکش بھی بنا دیتے ہیں۔
1: چنکنگ میتھڈ
یہ مقبول تکنیک بڑی معلومات کو چھوٹے اور قابلِ فہم حصوں میں تقسیم کرنے پر مبنی ہے۔ مثال کے طور پر اگر ایک موبائل نمبر 9588768939 ہے تو اسے 9588-768-939 کے حصوں میں تقسیم کر کے یاد رکھنا زیادہ آسان ہو جاتا ہے۔2: میمونکس
ایسے الفاظ، جملے یا قافیے بنائیں جو معلومات کو یاد رکھنے میں مدد کریں۔ جیسے STEM (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینیئرنگ، میتھ) یا VIBGYOR (رینبو کے رنگوں کے لیے)۔
آپ اپنی مرضی کے مطابق مختلف عنوانوں کے لیے خود شارٹ فارم بھی بنا سکتے ہیں۔
3: ایسوسی ایشن میتھڈ
نئی معلومات کو کسی پرانی اور جانی پہچانی چیز سے جوڑیں۔ مثال کے طور پر لفظ Catastroph کو ایک بلی کی تباہ کاری کے منظر سے جوڑیں تاکہ یاد رکھ سکیں کہ اس کا مطلب تباہی یا آفت ہے۔
4: ویژولائزیشن
ایسی رنگین، دلچسپ یا مزاحیہ تصاویر ذہن میں بنائیں جو تصورات کو یاد رکھنے میں مدد کریں۔ مثال کے طور پر لفظOstentatious کو یاد رکھنے کے لیے ایک مور کو سونے کی چین اور دھوپ کا چشمہ پہنے ہوئے تصور کریں، جو قیمتی جواہرات پر کھڑا ہے۔5: مائنڈ میپس
معلومات کو منظم اور بصری انداز میں دیکھنے کے لیے مائنڈ میپ استعمال کریں۔ مثلاً جب آپ ریسپیریٹری سسٹم پڑھ رہے ہوں تو پھیپھڑوں کی تصویر درمیان میں بنائیں اور اس سے جُڑے ذیلی عنوانات جیسے ایئر ویز، لنگز، گیس ایکسچینج کو شاخوں کی صورت میں جوڑیں۔ ہر شاخ کے تحت متعلقہ تفصیلات درج کریں۔ جن شاخوں میں کم معلومات ہوں، وہ آپ کی کمزوریاں ظاہر کرتی ہیں۔
6: سپیسڈ ریپیٹیشن
یہ تکنیک معلومات کو وقفے وقفے سے دہرانے پر مبنی ہے تاکہ وہ طویل مدتی یادداشت میں محفوظ ہو جائے۔
مثلاً لفظ Apfel (جرمن میں سیب) یاد کرتے وقت، آج دُہرائیں، پھر دو دن بعد، پھر تین دن بعد۔ وقت کے ساتھ دہرائی گئی معلومات پختہ یادداشت میں محفوظ ہو جاتی ہے۔7: لوکی میتھڈ
اسے ’میموری پیلس‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس میں کسی مانوس جگہ (جیسے آپ کا گھر) کو ذہنی طور پر تصور کریں اور اس میں مختلف مقامات پر وہ معلومات رکھیں جو آپ کو یاد رکھنی ہے۔
جب معلومات یاد کرنی ہو تو اس ذہنی جگہ میں چہل قدمی کریں اور ہر مقام پر موجود تصویر کو یاد کرتے جائیں۔
ڈیورنڈ لائن پر کشیدگی میں شدید اضافہ، پاکستان اور افغانستان کی بھاری فوجی نقل و حرکت، کسی بھی وقت بگڑسکتے ہیں حالات
پاک–افغان سرحد، جسے تاریخی طور پر ڈیورنڈ لائن (Durand Line)کہا جاتا ہے، ایک بار پھر شدید کشیدگی کی لپیٹ میں ہے۔ خطے میں امن و استحکام پہلے ہی غیر یقینی صورتِ حال سے دوچار تھا، مگر اب صورتحال اس نہج پر پہنچ گئی ہے جہاں دونوں ممالک نے اپنی سرحدی چوکیوں پر بھاری توپ خانے اور اضافی فوجی دستے تعینات کر دیے ہیں۔
باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان دونوں جانب فوجی نقل و حرکت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو ممکنہ فوجی تصادم کے خدشات کو مزید گہرا کر رہا ہے۔ڈرون نگرانی میں اضافہ
اطلاعات کے مطابق پاکستانی ڈرونز حالیہ دنوں میں چمن-سپین بولدک، انگور اڈہ، کرم-ننگرہار اور تورخم سمیت مختلف حساس سیکٹرز پر مسلسل فضائی نگرانی کر رہے ہیں۔ ان ڈرون پروازوں نے افغان سیکیورٹی اداروں میں تشویش بڑھا دی ہے اور خطے میں کسی فل اسکیل ملٹری انگیجمنٹ کے امکانات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
سرحدی جھڑپوں میں اضافہ
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ڈیورنڈ لائن کے کئی مقامات خصوصاً کرم اور ننگرہار میں فائرنگ، جھڑپوں اور سرحد پار حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ علاقے طویل عرصے سے عسکریت پسندی اور اسمگلنگ کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کا مرکز رہے ہیں۔
تاہم تازہ ترین پیش رفت، خصوصاً بھاری توپ خانے کی تعیناتی اور بڑے پیمانے پر فوجی نقل و حرکت، اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ دونوں ممالک بڑے تصادم کے لیے تیار ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔
ہائی الرٹ کی صورتحال
چمن-سپین بولدک اور تورخم جیسے اسٹریٹجک طور پر انتہائی اہم پوائنٹس پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے ہنگامی پروٹوکول فعال کر دیے ہیں اور حساس علاقوں میں اضافی دستے بھیج دیے گئے ہیں، تاکہ کسی ناگہانی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
سفارتی کوششیں غیر مؤثر
اسلام آباد اور کابل کے درمیان سفارتی رابطے بظاہر مؤثر ثابت نہیں ہو رہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں دارالحکومتوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششیں تعطل کا شکار ہیں، اور فریقین کے درمیان رابطے انتہائی محدود ہو چکے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عسکری تیاریوں اور جارحانہ پالیسیوں کی موجودگی میں کسی بھی وقت صورتحال مکمل جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
عالمی برادری کی تشویش
عالمی قوتیں اس کشیدہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، کیونکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کوئی بھی بڑا تصادم نہ صرف دونوں ملکوں کے لیے تباہ کن ہوگا بلکہ پورے خطے کے سیاسی و سکیورٹی توازن کو بری طرح متاثر کرے گا۔
آئندہ چند گھنٹے اور دن اس حوالے سے فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں کہ آیا سفارتکاری کشیدگی ختم کر پائے گی یا صورتحال مزید بگڑ کر خطرناک فوجی ٹکراؤ میں تبدیل ہو جائے گی۔
تاریخی و جغرافیائی پس منظر (Context Background)
ڈیورنڈ لائن 1893 میں قائم کی گئی 2,640 کلومیٹر طویل سرحد ہے، جسے افغانستان آج تک باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کرتا۔
اسی اختلاف نے گزشتہ کئی دہائیوں میں :
مستقل سرحدی جھڑپوں
اسمگلنگ، غیر قانونی نقل و حرکت
طالبان کی اندرونی و بیرونی سرگرمیوں
عسکری گروہوں کی موجودگی
جیسے مسائل کو جنم دیا ہے۔
افغان طالبان کے 2021 میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان اور افغانستان کے تعلقات مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں۔ تحریک طالبان پاکستان (TTP) کی افغانستان میں موجودگی بھی کشیدگی میں بڑے عنصر کے طور پر شامل ہے۔
اس پس منظر میں حالیہ فوجی نقل و حرکت اس پورے تنازعے کو بہت زیادہ خطرناک سطح پر لے گئی ہے۔
فضائی آلودگی نے دہلی، این سی آر میں سانس کے امراض کی ادویات کی فروخت بڑھا دی ۔۔ اکٹوبرکے مہینے میں 15فیصد ہوا ہے اضافہ
دہلی، این سی آر میں سانس کے امراض کی ادویات کی فروخت بڑھ گئی:
ملک کے دارالحکومت دہلی سمیت نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) اور ملک کے متعدد دیگر شہروں اور قصبوں میں بڑھتی ہوئی زہریلی ہوا نے سانس کے امراض کی ادویات خصوصاً انہیلرز اور اینٹی استمھا دواؤں کی فروخت میں نمایاں اضافہ کردیا ہے۔ہوا میں موجود زہریلے ذرات، جو سردیوں کے موسم میں ملک کے بیشتر حصوں میں عام ہو جاتے ہیں، نہ صرف فوری سانس کی تکلیف کا باعث بنتے ہیں بلکہ طویل مدت تک زیرِ اثر رہنے سے پھیپھڑوں اور دل کے امراض پیدا کرنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے انٹرنیشنل ایجنسی فور ریسرچ آن کینسر نے تو بیرونی فضائی آلودگی کو ’سرطان پیدا کرنے والے عوامل‘ میں شامل کیا ہے۔
مارکیٹ ریسرچ فرم فارماریک (Pharmarack)کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں سانس کے امراض کی ادویات کی فروخت میں 14.7 فیصد اضافہ ہوا، جو مجموعی انڈین فارماسیوٹیکل مارکیٹ (IPM) کی 9.5 فیصد کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
فارماریک کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں سانس کے امراض کی دواؤں کا شعبہ 1,789.3 کروڑ روپے مالیت تک پہنچ گیا، جو مجموعی مارکیٹ کا 8.4 فیصد بنتا ہے۔ اس بڑھتے ہوئے رجحان کی بنیادی وجہ اینٹی استمھا اور chronic obstructive pulmonary disease (COPD) یعنی کرانک آبسٹرکٹو پلمونری ڈیزیز کی ادویات کی بڑھتی ہوئی طلب ہے۔
طالبِ علموں، دفاتر کے ملازمین، بزرگ شہریوں اور دمے کے مریضوں میں سانس کی تکالیف میں اضافہ اس قدر نمایاں رہا کہ فارما کمپنیوں کو 7.7 فیصد قیمتوں میں اضافے کی گنجائش بھی ملی۔ دوسرے الفاظ میں، طلب میں اضافہ اتنا تھا کہ مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے باوجود بھی فروخت میں تیزی برقرار رہی۔
موسمی آلودگی—فروخت میں اضافے کی اصل وجہ
رپورٹ کے مطابق اس سال بھی دیوالی کے بعد بڑھنے والی آلودگی نے انتہائی سنگین سطح اختیار کی، جس کے نتیجے میں کھانسی، دمہ، اور سانس کی گھرگھراہٹ کے کیسز میں بڑی تعداد سامنے آئی۔ یہی وجہ تھی کہ ڈاکٹروں کی جانب سے انہیلرز، برونکو ڈائلیٹرز، اور دیگر سانس کی ادویات کی پرچیاں بڑھ گئیں، جس سے مارکیٹ کی کل فروخت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ایک فارما انڈسٹری تجزیہ کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا :
**’’**سانس کی ادویات کی فروخت میں جو مضبوط اضافہ دیکھا گیا، وہ براہِ راست فضائی آلودگی اور سردیوں کے آغاز سے جڑا ہوا ہے۔ یہ رجحان عام طور پر اکتوبر اور نومبر سے شروع ہوتا ہے اور سردیوں میں جاری رہتا ہے۔‘‘
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2025 کو ختم ہونے والے سال میں سانس کی ادویات کی مجموعی فروخت 18,520 کروڑ روپے رہی۔ پچھلے پانچ سال میں اس شعبے کی کمپاؤنڈڈ اینول گروتھ ریٹ (CAGR) 9 فیصد رہی، جس سے یہ IPM کے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے تھراپی سیکٹرز میں شامل ہوگیا ہے۔
Cipla کی شاندار پیش رفت — IPM میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی
سانس کی ادویات کے شعبے میں سب سے آگے رہنے والی کمپنی Cipla نے اکتوبر میں Abbott کو پیچھے چھوڑتے ہوئے انڈین فارما مارکیٹ میں تیسری سے دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ یہ کامیابی بڑی حد تک اس کی سانس سے متعلق دواؤں کی فروخت سے ممکن ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق Cipla نے اکتوبر میں 12.5 فیصد ویلیو گروتھ ریکارڈ کی، جو مارکیٹ کی اوسط ترقی سے کہیں زیادہ ہے۔ کمپنی کا سانس کی ادویات کے شعبے میں ایک چوتھائی یعنی 25 فیصد مارکیٹ شیئر ہے۔
Cipla کی اینٹی استمھا اور COPD سے متعلق ادویات—جن میں لیووسالبوٹامول، آئیپراٹیروپیئم، بیوڈیسونائڈ اور سالبیوٹامول شامل ہیں—اس اضافے کی بنیادی وجہ رہی ہیں۔
ہندوستان ہر سال ستمبر کے آخر سے فروری تک سنگین فضائی آلودگی کے دور سے گزرتا ہے۔ اس کی بنیادی وجوہات شامل ہیں :
فصلوں کی پرالی جلانا
ٹریفک کا بڑھتا دباؤ
صنعتی فضلہ
موسم کی بدلتی کیفیت
دیوالی کے بعد پٹاخوں کا دھواں
آلودگی کا یہ زہریلا مرکب PM2.5 اور PM10 جیسے انتہائی خطرناک ذرات پر مشتمل ہوتا ہے، جو پھیپھڑوں کے اندرونی حصوں تک پہنچ کر دمہ، الرجی، COPD، اور دل کے امراض کو شدید کردیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دوا ساز کمپنیاں ہر سال سردیوں میں سانس کی ادویات کی فروخت میں بڑا اضافہ دیکھتی ہیں۔