فیکٹ چیک؛ طیارہ حادثے کا ذمہ دار ٹرمپ یا جوبائیڈن؟ ایئر کنٹرولر کیلیے معذور افراد بھرتی کیے گئے؟
امریکا کے دوسری بار منتخب ہونے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں ملٹری ہیلی کاپٹر اور مسافر بردار طیارے میں خوفناک ٹکراؤ کے نتیجے میں 67 افراد کی ہلاکت کا ذمہ دار حیران کن طور پر سابق حکومت کی گئی بھرتیوں پر دھر دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے فیڈرل ایوی ایشن میں بھرتیوں کے میعار پر سوالات تو اُٹھائے تاہم وہ اپنے دورِ اوّل میں خود کیا کرتے رہے؟ اس حوالے سے حقائق جاننے کے لیے ماضی کو کنگھالا گیا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کی کارکردگی اور بھرتیوں کے طریقہ کار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے خاص طور پر سول ایوی ایشن کے ایئر کنٹرولر میں معذوری کے شکار افراد کی بھرتی پر سوالات اٹھائے تھے۔
ٹرمپ نے اپنے خطاب میں نیو یارک پوسٹ اور فاکس نیوز کے 2024 کے آرٹیکلز کا حوالہ دیا جن میں کہا گیا تھا کہ ایوی ایشن معذوری کے شکار افراد کو بھرتی کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ان آرٹیکلز میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شدید ذہنی معذوری، نفسیاتی مسائل اور دیگر جسمانی و ذہنی حالتوں والے افراد کی بھرتی کے لیے ایک بڑا قدم اٹھایا رہا ہے۔
لیکن ٹرمپ کے دعوے میں چند بڑی غلطیاں اور حقائق کے منافی باتیں سامنے آئیں:
ٹرمپ کا دعویٰ کہ فاکس نیوز کا آرٹیکل ایک ہفتہ قبل آیا تھا؛
ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ فاکس نیوز کا آرٹیکل ان کے حلف اُٹھانے سے ایک ہفتہ قبل آیا تھا لیکن حقیقت میں یہ آرٹیکل گزشتہ برس 14 جنوری کو شائع ہوا تھا۔
ٹرمپ کے دور میں ایوی ایشن میں بھرتیوں کا طریقہ کار کیا تھا؛
حقیقت یہ ہے کہ FAA کی ویب سائٹ پر معذوری کے شکار افراد کی بھرتی کا طریقہ کار ٹرمپ کے پہلے دور میں بھی موجود تھا اور 2013 سے یہ کوششیں جاری تھیں جب کہ ٹرمپ کے پہلے دور میں 2020 تک اس پر زور دیا جاتا رہا ہے۔
ٹرمپ کے دور میں بھی معذوری کے شکار افراد کی بھرتی کی پالیسی تھی؛
فیڈرل ایوی ایشن نے 2019 میں ایک پروگرام شروع کیا تھا جس کا مقصد معذوری کے شکار افراد کو ایئر ٹریفک آپریشنز میں کیریئر کے لیے تیار کرنا تھا۔
اس کے اگلے ہی برس یعنی 2020 میں بھی معذوری کے شکار افراد کے لیے بھرتی کی کوششوں کو بڑھایا گیا تھا۔
معذوری کے شکار افراد کی بھرتی کا تناسب کم تھا؛
ٹرمپ کے پہلے دور میں بھی فیڈرل ایوی ایشن کے سالانہ معذوری کے شکار افراد کی بھرتی کا تناسب 2 فیصد تھا اور یہ شرح عموماً اس حد کے قریب رہتی تھی۔
ایئر کنٹرولر معذور ہیں ؟
ایئر کنٹرولر کی جاب کے لیے ہاتھ یا پاؤں سے معذور افراد کو بھرتی بھی کیا جاتا ہے کیوں کہ وہاں کام کی نوعیت ایسی ہے کہ ہاتھ یا پاؤں سے معذور افراد بآسانی کام کرسکتے ہیں۔
مودی کے بھارت میں مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیزی میں خطر ناک حد تک اضافہ، عالمی رپورٹ
ایک امریکی تھنک ٹینک کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں مذہبی اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز اور اشتعال انگیز واقعات میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔
انڈیا ہیٹ لیب کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس بھارت میں نفرت انگیزی کے 1165 وقوعات ریکارڈ کیے گئے جو کہ 2023 کے مقابلے میں 74.4 فی صد زیادہ تھے۔
ان وقوعات میں 98.5 فی صد میں مسلمانوں کو ہدف بنایا گیا جبکہ 80 فی صد وقوعات ان ریاستوں میں پیش آئے جہاں بی جے پی کی حکومت تھی۔
واشنگٹن ڈی سی کے مقامی سینٹر فار دی اسٹڈی آف آرگنائزڈ ہیٹ کے منصوبے میں بتایا گیا کہ بھارت میں نفرت انگیزی کا رجحان بالخصوص ان ریاستوں میں کہاں نریندر مودی کی بی جے پی اور ان کے اتحادیوں کی حکومت ہے، تشویش ناک ہے۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق ہر وہ گفتگو، تقریر، تحریر یا رویہ نفرت انگیزی کے زمرے میں آتا ہے جس میں کسی انسان یا گروہ کے رنگ ونسل یا مذہب کے حوالے سے تضحیک آمیز یا امتیازی زبان استعمال کی گئی ہو۔
سعودی وزیر خارجہ سے اسحاق ڈار اور فلسطینی وزیراعظم کا رابطہ، علاقائی صورتحال پر گفتگو
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان پیر کو ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران علاقائی صورتحال اور اس حوالے سے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں سعودی وزیرخارجہ اور فلسطینی وزیراعظم محمد مصطفی کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ایکشن سمٹ فار آرٹیفیشل انٹیلی جنس شرکت کے لیے پیرس میں ہیں۔
سعودی وفد کئی سربراہی اجلاسوں میں شرکت کرے گا جس میں مصنوعی ذہانت کے مستقبل اورعوامی مفادات کے لیے اس کے استعمال کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔