پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو دبئی میں ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کے میچ کی براہ راست ٹیلی کاسٹ کے دوران ٹورنامنٹ کے لوگو میں پاکستان کا نام نہیں ہونے پر کھیل کی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ دبئی میں ہونے والے سبھی میچز میں پاکستان کے نام کے ساتھ تین لائن والے لوگو کا استعمال کرے گا۔ ہندوستان نے سیکورٹی وجوہات کی بناء پر پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کردیا تھا اور وہ دبئی میں اپنے میچ ہائبرڈ فارمولے کے تحت کھیل رہا ہے۔
ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے میچ کی نشریات میں اوپر بائیں جانب لوگو پر صرف چیمپئنز ٹرافی 2025 لکھا ہوا تھا۔ اس میں میزبان پاکستان کا نام نہیں تھا۔ یہ معاملہ اتوار کو دبئی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کے میچ سے پہلے سامنے آیا تھا۔