نئی دہلی : انڈین پریمیئر لیگ کے اگلے سیزن سے پہلے میگا نیلامی میں فرنچائز ٹیم نے کھلاڑیوں پر جم کر پیسے خرچ کئے ۔ ریشبھ پنت ٹورنامنٹ کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ۔ لکھنؤ سپر جائنٹس نے انہیں 27 کروڑ کی بولی کے ساتھ اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ اب یہ سوال ہر کسی کے ذہن میں ضرور اٹھ رہا ہوگا کہ اس 27 کروڑ روپے میں سے انہیں کتنی رقم ملے گی۔ ریشبھ پنت کو ٹیکس کے طور پر کتنی رقم ادا کرنی ہوگی اور اگر وہ ٹورنامنٹ کے دوران یا اس سے پہلے زخمی ہوجاتے ہیں تو کتنا نقصان ہوگا۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار وکٹ کیپر بلے باز ریشبھ پنت نے نئے سیزن میں دہلی کیپٹلز کی ٹیم چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد سے میگا نیلامی میں ان کی بولی کی بحث ہورہی تھی ۔ 30 کروڑ روپے تک کی بولی لگائی جانے کی امید تھی۔ ایسا ہی ہوا اور لکھنؤ کی ٹیم نے 27 کروڑ روپے کی بھاری رقم دے کر ان کو اپنے ساتھ جوڑا ۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا پوری رقم پنت کی ہوگی یا انہیں اس پر ٹیکس بھی دینا پڑے گا۔ اگر ہاں تو وہ اس کے لیے کتنی رقم ادا کریں گے؟
ریشبھ پنت کو کتنے پیسے ملیں گے؟
انڈین پریمیئر لیگ 2025 کی نیلامی میں کھلاڑیوں کی بولی لگائی گئی اور ٹیم کے ساتھ تین سال کا معاہدہ ہوا۔ فرنچائز ٹیم نے جتنی بولی لگا کر کھلاڑیوں کو خریدا ہے وہ انہیں ایک سیزن کے لیے ادا کرنا ہو گا۔ لکھنؤ نے ریشبھ پنت کو 27 کروڑ میں خریدا لیکن انہیں یہ ساری رقم ایک سیزن میں نہیں ملے گی۔ اس میں سے حکومت ہند 8.1 کروڑ روپے بطور ٹیکس وصول کرے گی۔ انہیں آئی پی ایل ٹیم سے تنخواہ کے طور پر 18.9 کروڑ روپے ملیں گے۔
اگر ریشبھ پنت آئی پی ایل کے دوران زخمی ہو جاتے ہیں تو انہیں پوری رقم مل جائے گی لیکن اگر وہ اس سے پہلے زخمی ہو جاتے ہیں اور ٹورنامنٹ میں نہیں کھیل پاتے ہیں تو فرنچائز کو متبادل ٹیم میں کسی اور کھلاڑی کو شامل کرنے کا حق حاصل ہو گا۔ اگر کوئی کھلاڑی ٹورنامنٹ سے پہلے زخمی ہو جائے تو غیر ملکی کھلاڑیوں کو کوئی رقم نہیں ملتی۔ اگر کوئی ہندوستانی کھلاڑی ٹیم انڈیا کے لیے کھیلتے ہوئے زخمی ہو جاتا ہے اور وہ آئی پی ایل نہیں کھیل پاتا ہے تو بی سی سی آئی نے اس کا بیمہ کرایا ہوا ہے، لہذا پورے سیزن کا پیسہ جاتا ہے ۔
میچ کھیلے بغیر بھی پورے پیسے مل سکتے ہیں؟
اگر کوئی ہندوستانی یا غیر ملکی کھلاڑی آئی پی ایل فرنچائز ٹیم کے ساتھ پورا ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے دستیاب ہے لیکن اسے ایک بھی میچ میں کھیلنے کا موقع نہیں ملتا ہے۔ تو ایسی صورتحال میں ٹیم نے جتنے پیسے میں کھلاڑی کو خریدا ہے، وہ سارے پیسے میچ کھیلے بغیر ہی مل جائیں گے۔ اگر کوئی کھلاڑی ذاتی وجوہات کی بنا پر ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوتا ہے تو کھیلے گئے میچوں کی تعداد کے مطابق رقم دی جائے گی۔ اگر وہ ٹورنامنٹ کے وسط میں زخمی ہو جاتا ہے تو بھی ٹیم کو پوری رقم ادا کرنا ہوگی۔