Friday, 1 September 2023

اپوزیشن اتحاد ’اِنڈیا‘ کی میٹنگ میں بڑی پیش قدمی

آئندہ لوک سبھا انتخاب میں مرکز سے بی جے پی اتحاد کو اکھاڑ پھینکنے کے لیے اپوزیشن اتحاد اِنڈیا پرعزم دکھائی دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں آج ممبئی میں ہوئی میٹنگ کے دوران انتہائی اہم پیش رفت دیکھنے کو ملی۔ اِنڈیا اتحاد نے 14 رکنی ایک کوآرڈنیشن کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے جس میں این سی پی چیف شرد پوار کا بھی نام ہے۔ ساتھ ہی لوک سبھا انتخاب میں اِنڈیا اتحاد کا نعرہ ہوگا ’جڑے گا بھارت، جیتے گا انڈیا‘۔
اِنڈیا اتحاد کے ذریعہ جو 14 رکنی کوآرڈنیشن کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا ہے، اس میں این سی پی چیف شرد پوار کے علاوہ کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال، ڈی ایم کے لیڈر ایم کے اسٹالن، شیوسینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راؤت، آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو، ٹی ایم سی لیڈر ابھشیک بنرجی، عآپ لیڈر راگھو چڈھا، سماجوادی پارٹی لیڈر جاوید علی خان، جنتا دل یو لیڈر للن سنگھ، جے ایم ایم لیڈر ہیمنت سورین، سی پی آئی لیڈر ڈی راجہ، نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ اور پی ڈی پی لیڈر محبوبہ مفتی شامل ہیں۔ سی پی آئی سے بھی ایک لیڈر کو اس کمیٹی میں شامل کیا جائے گا جن کا نام فی الحال فائنل نہیں ہوا ہے۔

ختم بخاری شریف ،آیت کریمہ کا ورد اور دعائیہ مجلس


مورخہ 2/ ستمبر بروز سنیچر* 
بوقت : بعد نماز عشاء* 
بمقام : غربید مسجد چونابھٹی* 

ابتدائی مقرر

*مفتی حامد ظفر رحمانی صاحب مدظلہ اعلی*
مقرر خصوصی

*حضرت مولانا مفتی محمد اسمٰعیل صاحب قاسمی دامت برکاتہم مدظلہ اعلی*
*برادران اسلام و خواتین اسلام سے بلاتفریق شرکت کی گزارش* 

*( خواتین کے لیے مسجد کے اوپری ہال میں نظم ہوگا)*


منجانب :-
*صدر و اراکین جمعیت علماء مدنی روڈ مالیگاؤں، ادارہ اے اے اسپورٹس و ذمہ داران مسجد غربید*

عضباء سوسائٹی کی جانب سے شجر کاری مہم کا آغاز

مالیگاؤں / رونق آباد علاقے کا مشہور و معروف ادارہ عضباء ایجوکیشنل اینڈ ویلفر سوسایٹی کی جانب سے علاقے میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا ہے ۔

علاقے کے سابق کارپوریٹر فرید قریشی و معروف سوشل ورکر و مستقبل کے کارپوریٹر ریاض کچی کے ہاتھوں رونق آباد مین روڈ پر رئیل چوائس مینس ویر اور عبدلرزاق کلیجی والے کی شاپ کے پاس درخت لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز آج شام 6 بجے عمل میں آیا ہے ۔ 
معلوم ہوکہ عضباء سوسائٹی نے گزشتہ سال بھی شجر کاری مہم چلاتے ہوئے کئی مقامات پر درخت لگوائے تھے ۔ اس سال بھی علاقے کے کئی مقامات پر درخت لگانے کی منصوبہ بندی سوسائٹی صدر پرویز خان و افروز خان بابر ہوٹل کی جانب سے ظاہر کی گئی ہے ۔ شجر کاری مہم کے موقع پر ذمہ داران سمیت اقبال حاجی ، ساجد بھائی ہوٹل والے ، پترکار جمال شیخ سمیت دیگر سرکردہ افراد موجود تھے ۔

اورنگ زیب کا اسٹیٹس رکھنے کی وجہ سے فساد

ممبئی 1؍ ستمبر۔مراٹھوڑ ضلع بیڑ کے تعلقہ کیج کے قصبہ اڑس میں اورنگ زیب کے تعلق سے مبینہ واٹس آپ اسٹیٹس رکھنے کی وجہ سے رونما ہونے والے فرقہ وارانہ فساد میں گرفتار 13؍ مسلم نوجوانوں کی ضمانت عرضداشتیں عدالت نے منظور کی ہیں، ملزمین کو جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی نے قانونی امداد فراہم کی ہے۔


13؍ ملزمین میں سے دو ملزمین نابالغ ہیں جبکہ تین ملزمین کی ضمانت قبل از گرفتاری عدالت نے منظور کی ہے۔ملزمین پٹھان عفان نوید خان، ساجد رفیق باغبان، جبار حسن شیخ، سید غلام رسول غفور، نوید خان رستم خان پٹھان، پٹھان محبوب موسی خان، سید شکور احمد سید غفور احمد، شیخ عمران اسحق، ابراہیم ببن شیخ، معیذ یونس شیخ، اظہر افسر شیخ، نعیم الہی عثمان شیخ اور محسن مبارک خان پٹھان کی ایڈیشنل سیشن جج کے ڈی جادھو (کیج) نے پچیس ہزار روپئے کے ذاتی مچلکہ پر ضمانت عرضداشتیںمنظور کی۔



ایڈیشنل سیشن جج کے ڈی جادھو نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ ملزمین ضمانت پر رہا ہونے کے بعد ان کے خلاف موجود ثبوت و شواہد سے چھیڑ چھاڑ نہیں کریںگے اور وہ سرکاری گواہوں سے رابطہ کرنے کی کوشش نہیں کریں گے۔ شرائط کی خلاف ورزی پر ان کی ضمانت مسترد کردی جائے گی۔ ملزمین کے دفاع میں جمعیۃ علماء کی جانب سے ایڈوکیٹ یاسر پٹیل اور ایڈوکیٹ ندیم شیخ و دیگر پیش ہوئے۔




مقامی دھرور پولس اسٹیشن نے ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 143,147,308,295-A,323,337,149,135 کے تحت مقدمہ قائم کیا تھا ۔پولس نے دعوی کیا تھا کہ ارباز شیخ نامی شخص نے اپنے موبائل اسٹیٹس پر لگایا تھا کہ ’’تاریخ گواہ ہے کہ جس کی برابری نہیں کی جاسکتی اس کی بدنامی کرنا شروع کردی جاتی ہے‘‘


 اسٹیٹس کے ساتھ ارباز شیخ نے اورنگ زیب کا فوٹو بھی لگایا تھا ، ارباز شیخ کے اسٹیٹس کی وجہ سے ہندو ئوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی اور وہ مشتعل ہوگئے جس کے بعد علاقے میں فساد ہوگیا۔اسٹیٹس دیکھنے کے بعد چند ہندو نوجوان ارباز شیخ کے گھر پہنچ گئے اور اسے شدید زدوکوب کیا اور پھر اسے شیواجی چوک لیکر آئے جس کے بعد ارباز شیخ کےبچائو میں مسلم نوجوان جمع ہوگئے جس کے بعد دونوں گروپ میں جھگڑا ہوگیا اور ایک دوسرے پر پتھر بازی اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔پولس نے مسلم نوجوانوں کے ساتھ ساتھ چند ہندو نوجوانوں کے خلاف بھی مقدمہ قائم کیا تھا لیکن گرفتاری مسلم نوجوانوں کی ہی زیادہ ہوئی تھی۔

ایل پی جی کے کمرشل سلنڈر کی قیمتوں میں 158 روپے کی تخفیف

نئی دہلی: آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے جمعہ کو کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 158 روپے کی کمی کی ہے۔ یہ قیمتیں آج (یکم ستمبر) سے لاگو ہوں گی۔ اس تبدیلی کے بعد اب دہلی میں 19 کلو کے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 1522 روپے ہوگی۔

اس ہفتے کے شروع میں حکومت نے ملک بھر کے تمام کنکشن رکھنے والوں کے لیے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 200 روپے کی کمی کی تھی۔ تجارتی اور گھریلو دونوں ایل پی جی (مائع پٹرولیم گیس) سلنڈروں کے لیے ماہانہ نظرثانی ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو کی جاتی ہے۔

اس سے قبل اگست میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 99.75 روپے کی کمی کی تھی۔

انڈیا کا ممبئی اجلاس: چندریان 3 مشن کی کامیابی پر حزب اختلاف کی جماعتوں کی قرارداد

ممبئی: اپوزیشن اتحاد انڈیا کے ممبئی میں جاری دو روزہ اجلاس کے دوسرے اور آخری دن ہندوستان کی خلائی ایجنسی اسرو کے کامیاب چندریان3 مشن پر قرارداد منظور کی گئی۔ قرارداد میں اسرو کو اس کی شاندار کامیابیوں پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کے سائنسدانوں نے ملک کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔

اپوزیشن اتحاد کی جانب سے جاری کر دہ ایک بیان میں کہا گیا ’’ہم انڈیا کی تمام جماعتیں، اسرو کے مکمل کنبہ - موجودہ اور سابقہ دونوں کو ان کی شاندار کامیابیوں کے لیے مبارکباد پیش کرتے ہیں، جہوں نے ملک کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔ اسرو کی صلاحیتوں اور قابلیتوں کی تعمیر، توسیع اور مضبوط ہونے میں چھ دہائی لگی ہیں۔ چندریان3 نے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا ’’اب پوری دنیا کل ہونے والی آدتیہ-ایل ون کی لانچنگ کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اسرو کی غیر معمولی کامیابیاں ہمارے سماج میں سائنسی خیال اور جذبہ کو مضبوط کریں گی اور ہمارے نوجوانوں کو سائنسی صنعت کے علاقہ میں بہترین تعاون دینے کی تحریک دیں گی۔‘‘
خیال رہے کہ انڈیا اپوزیشن جماعتوں کے ممبئی میں جاری اجلاس کا آج دوسرا اور آخری دن ہے۔ ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اس اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔ اس اہم اجلاس کے دیگر ایجنڈے میں اتحاد کے لیے لوگو کا انتخاب اور ترجمان کا تقرر شامل ہے۔ اس پر بھی بات ہو سکتی ہے کہ اتحاد کے لیے کنویر مقر کیا جائے یا نہیں۔

مدھیہ پردیش : بھوپال میں ائمہ وموذنین کی رہائش کے لئے مفت گھر دینے کی تحریک کا آغاز

بھوپال : مساجد تو سبھی شہر میں ہوتی ہے اور ائمہ وموذنین کے ذریعہ اپنے مذہبی فرائض کو بھی انجام دیا جاتا ہے لیکن ائمہ وموذنین کی مفت رہائش کو لیکر سماج کے ذریعہ سنجیدگی کا ابھی تک مظاہرہ نہیں کیا جاتا تھا۔ راجدھانی بھوپال کی مسجد فیض سے ائمہ وموذنین کی مفت رہائیش کو لیکر نہ صرف سنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا بلکہ مسجد کیمپس میں امام و موذن کی رہائش کے لئے مفت گھر دینے کی تحریک شروع کی گئی ہے۔ مسجد فیض میں اس تعلق سے ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں شہر قاضی، مفتی کے ساتھ ممتاز علمائے دین اور شہر کے دانشوروں نے شرکت اور تحریک کو وقت کی بڑی ضرورت سے تعبیر کیا۔
بھوپال شہر قاضی سید مشتاق علی ندوی نے نیوز18 اردو سے خاص بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک بہترین عمل ہے اور اس کے لئے ہم مسجد کمیٹی کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔اسی کے ساتھ بھوپال شہر کی مساجد کے جتنے بھی ذمہ دار ہیں ان سے گزارش کرتے ہیں کہ آپ کے یہاں مساجد میں جہاں جہاں گنجائش ہے وہ اپنے اپنے طور پر مسجد فیض کی طرز پر امام و مو‍ذن کی مفت رہائش کا انتظام کریں تاکہ ہمارے امام حضرات و موذن حضرات اپنے بہترین خدمات انجام دے سکیں۔ ایک بار پھر سبھی لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور جن لوگوں نے اس کار خْیر کو شروع کیا ہے اللہ ان کی خدمت کو قبول فرمائے۔
وہیں مسجد فیںض کے اہم ذمہ دار سید شاکر حسین کہتے ہیں کہ ابھی کچھ ماہ قبل جب موسم کی خرابی کے سبب امام کو نماز کے لئے مسجد آنے میں تاخیر ہوئی تو مصلیان نے ان کی رہائش کے لئے علاقہ میں بہت گھر تلاش کئے لیکن یہ گھر اتنے مہنگے تھے کہ کمیٹی کے ذریعہ ان کے مصارف برداشت نہیں کئے جاسکتے تھے۔ ایسے میں مسجد کمیٹی اور مصلیان کے ذریعہ یہ فیصلہ کیا گیا کہ آپسی تعاون سے مسجد کیمپس میں خالی زمین پر گھر بناکر امام کو مفت فراہم کیا جائے تاکہ امام سکون کے ساتھ اپنے مذہبی فراہم کو انجام دے سکیں اور یہیں سے دین کے ساتھ علوم کے فروغ کا بھی کام انجام دیا جاسکے۔ الحمد اللہ سبھی کی کوشش رنگ لائی اور بھوپال میں یہ نظیر قائم کی گئی کہ اس طرز پر ہر مساجد میں امام و موذن کو کم از کم دو تین کمروں کا گھر مفت رہائش کے لئے دیا جائے ۔

*🛑سیف نیوز اُردو*

*🛑جھارکھنڈ پیپر لیک احتجاج: رانچی میں کئی طلباء کو حراست میں لیا گیا، مظاہرین کو روکنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال* ...