Friday, 4 July 2025

*🔴سیف نیوز بلاگر*





کراچی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت گرگئی ، 9 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی
کراچی: لیاری بغدادی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت گرگئی ، جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں 6 منزلہ عمارت گرگئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے میں مکینوں کے دبے ہوئے ہیں تاہم موقع پرامدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔


حکام نے بتایا کہ عمارت گرنے سے 9 افراد دب کر جاں بحق اور 3 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوئے تاہم مزید لوگ اب بھی عمارت کے ملبے تلے دبے ہیں ، جن کو نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہے۔حکام کے مطابق متاثرہ عمارت سے متصل عمارت کوبھی نقصان پہنچا، جس سے ان عمارتوں کے گرنے کا بھی خدشہ ہے۔
ترجمان چھیپا ویلفیئر کی جانب سے کہا گیا کہ علاقہ مکینوں کے مطابق عمارت کے ملبےمیں اب بھی 20 سے 25 لوگ دبے ہیں، عمارت گرنے کے واقعے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہیں۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا عمارت گرنے کا نوٹس
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے لیاری بغدادی میں عمارت گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کے اعلٰی افسران سے رابطہ کیا اور فوری طور پر ریسکیو کام سرانجام دینے کی ہدایات دی۔

سعید غنی کا کہنا ہے کہ عمارت میں پھنسے ہوئے تمام لوگوں کو جلد از جلد ریسکیو کیا جائے، عمارت کے اطراف رکاوٹوں کو دور کرکے ریسکیو آپریشن کو تیز سے تیز کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ ایس بی سی اےاوردیگراداروں کےافسران اپنی نگرانی میں ریسکیو کام سرانجام دیں ساتھ ہی عمارت گرنے کی وجوہات اور اس کے تمام اسباب کی فوری رپورٹ پیش کی جائے۔یاد رہے 4 روز قبل کھارادر میں 6 منزلہ رہائشی عمارت کی چھت گرگئی تھی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کھارادر عمارتوں کے درمیان بنے کوریڈور کی چھت گری تو متعدد فلورز کی سیڑھیاں بھی گر گئیں تھیں ۔

چھ منزلہ عمارت کی ٹنکی گرنے سے زینوں اور کوریڈور کو نقصان پہنچا، حادثے کے بعد بلڈنگ کی تیسری، چوتھی اور پانچویں منزل پرلوگ پھنس گئے تھے ، جنہیں ریسکیو حکام ںے اسنارکل اورکرین کی مدد سے باہر نکالا گیا تھا۔











غزہ جنگ بندی کے لیے ٹرمپ کی ڈیڈ لائن، کہا، اگلے 24 گھنٹوں میں حماس کا آئے گا رد عمل -
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز کہا کہ غزہ میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی تجویز پر حماس کا جوابی ردِ عمل اگلے 24 گھنٹوں میں معلوم ہو جائے گا۔

حماس نے غزہ جنگ بندی تجویز پر مشاورت کے بعد ثالثین کو اپنا حتمی فیصلہ پیش کرنے کی بات کہی تھی۔ جس کے بعد ٹرمپ کا یہ ردعمل سامنے آیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر ایک بیان میں مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا کہ، وہ ثالثین کی جانب سے موصولہ تجویز کے حوالے سے فلسطینی افواج اور دھڑوں کے رہنماؤں سے مشاورت کر رہی ہے۔ اس کے بعد حتمی فیصلے کا باضابطہ اعلان کرے گی۔حماس جنگ بندی کی ضمانت چاہتی ہے:

تنظیم کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ حماس واضح ضمانتوں کی تلاش میں ہے کہ جنگ بندی معاہدہ بالآخر جنگ کے خاتمے کا باعث بنے گا۔ دو اسرائیلی حکام نے کہا کہ ان تفصیلات پر ابھی کام کیا جا رہا ہے۔

جمعہ کے اوائل میں ایک بیان میں حماس نے کہا کہ وہ دوسرے فلسطینی دھڑوں کے ساتھ جنگ ​​بندی کی تجویز پر بات کر رہی ہے اور مذاکرات کے اختتام پر اپنا ردعمل ثالثوں کو پیش کرے گی۔

جامع جنگ بندی کو محفوظ بنانے کا مطالبہ:
غزہ کے شہری دفاع کے ترجمان، محمود بسال نے فوری جامع جنگ بندی کی اپیل کی۔ انھوں نے تمام ثالثوں سے فوری اور جامع انسانی جنگ بندی قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے حتمی معاہدہ ہونے تک جنگ بندی پر عمل کی اپیل کی۔بسال نے مزید کہا، میں آپ سے ابھی عمل کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔

واضح رہے حماس اور اسرائیل نے گذشتہ مہینوں کے دوران بالواسطہ مذاکرات کے کئی ادوار منعقد کیے لیکن جنگ بندی کے حتمی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے۔ حماس نے جنگ کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ اسرائیل نے عارضی جنگ بندی پر اصرار کیا تھا۔ نومبر 2023 میں پہلی جنگ بندی کے دوران درجنوں فلسطینی قیدیوں کے بدلے غزہ سے 105 مغویوں کو رہا کیا گیا تھا۔

دوسری جنگ بندی کے دوران حماس نے 33 اسرائیلی قیدیوں کو جبکہ اسرائیل نے ہر ایک قیدی کے بدلے تقریباً 50 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا تھا۔











وہ غذائیں جو وزن کم کرنے کی کوششوں کے دوران جسم کو متوازن رکھتا ہے
اگر آپ کی روزمرہ خوراک میں شامل ہوں تو بعض غذائیں وزن میں نمایاں طور پر کمی میں مدد کر سکتی ہیں۔ ان کھانوں میں عام طور پر کیلوریز کم ہوتی ہیں لیکن فائبر، پروٹین یا صحت مند چکنائی زیادہ ہوتی ہے، جو آپ کو زیادہ دیر تک پیٹ بھرے رہنے اور مجموعی کیلوری کی مقدار کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق ایسی غذائیں خون میں شکر کی سطح کو بھی مستحکم رکتھی ہیں، نظام ہضم کو بہتر بناتی اور میٹابولزم کو بڑھاتی ہیں۔
یہ غذائیں اضافی کیلوریز کے بغیر جسم کو ضروری وٹامنز اور منرلز فراہم کرتی ہیں۔ یہ ان کھانوں کی فہرست ہے جو آپ کو وزن کم کرنے کی کوشش میں اپنی روزمرہ کی خوراک میں شامل کرنی چاہییں۔
سبز پتے
ان میں سے پہلے نمبر پر سلاد کے پتے ہیں۔ ان میں کیلوریز کم ہوتی ہیں اور فائبر زیادہ جبکہ وٹامنز اور منرلز سے بھی بھرپور ہوتے ہیں۔
ناشتے میں اوٹس
اوٹس کا استعمال اب عام ہوتا جا رہا ہے اور اگر اس کو ناشتے میں شامل کیا جائے تو معدے کو بھر دیتے ہیں۔ یہ توانائی سے بھرپور ہیں مگر جسم کے لیے نقصان دہ نہیں۔
دن کا آغاز اوٹس کے پیالے سے کریں تو دن بھر بھوک کا احساس میں کم رہے گا۔ اور خون میں شوگر کی مقدار متوازن رہے گی۔
دہی کا استعمال
اسی طرح گریک یوگرٹ یا یونانی دہی کا استعمال بھی وزن میں کمی کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کیونکہ یہ اس دوران جسم کے مسلز کو اپنی جگہ برقرار رکھنے میں معاون ہے۔
یہ سینے یا معدے میں جلن کا بھی سدباب کرتا ہے۔اُبلے ہوئے انڈے
اگر آپ اُبلے ہوئے انڈے کھاتے ہیں تو کیا ہی بات ہے۔ انڈوں میں اعلٰی معیار کی پروٹین اور صحت کے اچھی چربی اور ضروری وٹامنز پائے جاتے ہیں۔
چیا سیڈز
اب چیا سیڈز ہر چھوٹے بڑے سٹور سے بآسانی مل جاتے ہیں۔ عموما ان سیاہ دانوں یا بیج کو لوگ تخمِ بالنگوہ کے ساتھ گڈ مڈ کر دیتے ہیں۔ چیا سیڈز الگ ہیں اور تخمِ بالنگوہ الگ۔ ایک گلاس پانی میں شامل کر کے پینے سے یہ بیج آپ کے معدے کو بھرا ہوا محسوس کراتے ہیں۔
اواکاڈو سے چربی میں کمی
اواکاڈو پھل پہلے صرف چند ممالک میں دستیاب تھا مگر اب یہ ہر جگہ مل جاتا ہے۔ اس میں فائبر زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اور یہ پیٹ کی چربی کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
دیگر جن چیزوں کے استعمال سے وزن میں کمی کی جا سکتی ہے ان میں بیریز اور خشک میوہ جات نمایاں ہیں۔

*🔴سیف نیوز بلاگر*

کراچی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت گرگئی ، 9 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی کراچی: لیاری بغدادی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت گرگ...