نئی دہلی : دہلی یونیورسٹی کے کلسٹر انوویشن سینٹر (سی آئی سی) نے ریاضی کے تعلیمی پروگرام میں ایم ایس سی کورس میں مسلمانوں کو دیے گئے ریزرویشن کو ختم کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ سینٹر نے اس کو ختم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ کورس میٹا یونیورسٹی تصور کے تحت جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ساتھ مشترکہ طور پر پیش کیا جاتا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ CIC کی گورننگ باڈی کی میٹنگ میں رکھا جائے گا۔ ایم ایس سی کورس ان میتھمیٹکس ایجوکیشن پروگرام کا آغاز 2013 میں کیا گیا تھا۔
کیسے ملتا ہے داخلہ؟
میتھمیٹکس ایجوکیشن پروگرام میں ایم ایس سی کورس میں داخلہ سی یو ای ٹی پی جی کے ذریعے ہوتا ہے۔ داخلے میں سیٹوں کی تقسیم کی پالیسی پر عمل کیا جاتا ہے، جس میں مسلم طلبہ کو ریزرویشن ملتا ہے۔ اس کورس میں کل 30 سیٹیں ہیں، جس میں 12 سیٹیں غیر ریزرو زمرہ کے لیے، چھ سیٹیں OBC-NCL کے لیے، 4 مسلم جنرل کے لیے، تین معاشی طور پر کمزور طبقات کے لیے، 2 SC/ST کے لیے اور ایک ایک مسلم OBC اور مسلم خواتین کے لیے ہیں۔
ڈی یو کے ایک سینئر افسر نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ مذہبی ریزرویشن یونیورسٹی کی پالیسیوں کے مطابق نہیں ہے۔ پورا خیال یہ ہے کہ یونیورسٹی میں کسی بھی کورس میں مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن نہیں ہونا چاہئے۔
کیا ہے میٹا یونیورسٹی تصور؟
میتھمیٹکس ایجوکیشن پروگرام میں ایم ایس سی کورس میٹا یونیورسٹی تصور کے تحت آتا ہے۔ اس کی آفیشیل ویب سائٹ کے مطابق اس کا پہلا مقصد کئی اداروں کے وسائل اور ماہرین کو جمع کرکے ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ CIC انتظامی طور پر پروگرام کا انتظام کرتا ہے۔ اس کے بین یونیورسٹی نوعیت کے باوجود، CIC کا خیال ہے کہ دہلی یونیورسٹی کی پالیسیوں کو ترجیح دی جانی چاہئے۔