راجستھان اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس نے اپنے امیدواروں کی چوتھی فہرست آج جاری کر دی۔ تازہ فہرست میں 56 امیدواروں کا نام شامل کیا گیا ہے۔ پارٹی نے قومی ترجمان گورو ولبھ کو ادے پور سے ٹکٹ دیا ہے اور مانویندر سنگھ کو سیوانا اسمبلی سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ راجستھان کی 200 اسمبلی سیٹوں میں سے اب تک کانگریس نے مجموعی طور پر 151 اسمبلی سیٹوں کے لیے امیدوار کا اعلان کر دیا ہے، اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی بقیہ 49 سیٹوں کے لیے بھی امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔
امیدواروں کی جاری چوتھی فہرست کے مطابق اس بار کانگریس نے دھولپور ضلع کے بھسیڑی اسمبلی سیٹ سے سنجے کمار جاٹو کو امیدوار بنایا ہے اور موجودہ رکن اسمبلی و ایس سی کمیشن چیف کھلاڑی لال بیروا کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے۔ سنجے جاٹو کو کانگریس نے 2019 میں لوک سبھا انتخاب میں اپنا امیدوار بنایا تھا، لیکن اب انھیں اسمبلی انتخاب میں کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کانگریس نے جسونت سنگھ کے بیٹے مانویندر سنگھ کی سیٹ بدلنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی نے مانویندر سنگھ کو باڑمیر کی سیوانہ سیٹ سے ٹکٹ دیا ہے۔ گزشتہ بار وہ وسندھرا راجے کے خلاف جھالاواڑ کی جھالراپاٹن سیٹ سے انتخابی میدان میں اترے تھے۔