علم انسان کا امتیاز ہی نہیں بلکہ اس کی بنیادی ضرورت بھی ہے، جس کی تکمیل کا واحد ذریعہ مطالعہ ہے۔ایک پڑھے لکھے شخص کے لیے معاشرہ کی تعمیر و ترقی کا فریضہ بھی اہم ہے ،اس لیے مطالعہ ہماری سماجی ضرورت بھی ہے۔ اگرانسان اپنے اسکول و مدرسہ کی تعلیم مکمل کرکے اسی پر اکتفا کرکے بیٹھ جائے تو اس کے فکر و نظر کا دائرہ بالکل تنگ و محدود ہوکر رہ جائے گا۔ اس لیے مطالعہ استعداد کی کنجی اور صلاحیتوں کو بیدار کرنے کا بہترین آلہ ہے۔ یہ مطالعہ ہی کا کرشمہ ہے کہ انسان ہر لمحہ اپنی معلومات میں وسعت پیدا کرتا رہتا ہے۔ زاویہ فکر ونظر کو وسیع سے وسیع تر کرنے میں کتاب کا بہت اہم حصہ ہے۔کتابوں سے وابستگی کی نعمت کا کسی کو ادراک ہو جائے تو اُس کے لیے بغیر مطالعہ کے زندگی گزارنا دشوار ہو جاتا ہے۔ کتابوں کا مطالعہ انسان کی شخصیت کو ارتقاء کی بلندمنزلوں تک پہنچانے کا اہم ذریعہ، حصول علم ومعلومات کا وسیلہ اور عملی تجرباتی سرمایہ کو ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل کرنے اور ذہن وفکر کو روشنی فراہم کرنے کا معروف ذریعہ ہے۔کتابوں سے جہاں معلومات میں اضافہ اور راہ عمل کی جستجو ہوتی ہے وہیں اس کا مطالعہ ذوق میں بالیدگی، طبیعت میں نشاط، نگاہوں میں تیزی اور ذہن ودماغ کو تازگی بھی بخشتا ہے۔افسوس صد افسوس کہ آج نسل نو میں کتاب پڑھنے کا رجحان دم توڑ رہا ہے۔ خصوصاً بچّوں کو مطالعے کی طرف راغب کرنا اب کٹھن کام بن گیا ہے، حالانکہ موجودہ دور میں بڑھتے نفسیاتی مسائل سے بچنے کے لئے آج ماہرین نفسیات بچوں کے لئے مطالعے کو لازمی قرار دے رہے ہیں، کیونکہ اچھی کتابیں شعور کو جلا بخشنے کے ساتھ ساتھ بچوں کو بہت سے فضول مشغلوں سے بھی بچاتی ہیں۔ جب اپنے بڑے ہی مطالعہ سے دور ہیں تو بچّوں پر بھی اس کا اثر پڑیگا۔ یہی وجہ ہے کہ آج کے دور میں کتاب اچھی بھی ہو تو پڑھنے والے قلیل تعداد میں ہیں۔ واضح ہو کہ کتاب انسانی شخصیت میں گہرائی اور توازن پیدا کرتی ہے جو زندگی کا حسن ہے۔ اِسی توازن کے فقدان سے ہم آج دوچار ہیں۔ اسی بات کے پیش نظر انجمن محبان اردو کتب مالیگاؤں کے زیر اہتمام اور ادارہ صوت الاسلام و مہاتما گاندھی ودیا مندر سٹی کالج کے اشتراک سے سات روزہ عظیم الشان اْردو کتاب میلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس کتاب میلے میں سائنس، ٹکنالوجی اور زبان و ادب کے علاوہ کئی موضوعات کی کتابیں دستیاب ہوگی۔ کتب فروش اور پبلشر اس میلے میں اپنے اسٹال سجائیں گے۔ یہ میلہ ١جنوری تا ٧ جنوری ٢٠٢٥ کو سٹی کالج نیو کیمپس (مراٹھا اسکول) اے ٹی ٹی ہائی اسکول کے پیچھے وسیع و عریض میدان میں منعقد ہوگا۔ شہر کی سبھی تنظیمیں،کلبیں،ادارے، مدارس، مکاتب، ہائی اسکول اور جونیئر کالج اس اْردو کتاب میلے کو کامیاب بنائیں۔ان شاءﷲ کتب میلے میں اردو قارئین ،محبان اردو کی کثیر تعداد سے ایک بار پھریہ واضح ہوگا کہ شہریان کی کتب دوستی ابھی ختم نہیں ہوئی۔ نئی نسل کو کتابوں سے جوڑنے کے لئے اس کتاب میلے میں آپ کی شرکت اردو زبان سے محبت کا ثبوت ہوگی۔
*🛑سیف نیوز اُردو*
محترم جناب انیس لعل خان سر کی والدہ محترمہ کا مقدس سرزمین مکۃ المکرمہ میں انتقال اسد الدین اویسی کی ’وندے ماترم‘ کو ...
-
مالیگاؤں کارپوریشن الیکشن 2017 میں تمام امیدواروں کو اپنے وارڈ میں کتنی ووٹ ملی مکمل تفصیل