عدالت عظمیٰ آج جمعرات کو پھر سے ان درخواستوں پر سماعت کرے گا، جس میں 2002 کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو سے اجتماعی زیادتی اور ان کے خاندان کے سات ارکان کے قتل کے سبھی 11 مجرموں کو دی گئی چھوٹ کو چیلنج کیا گیا ہے۔
جسٹس بی وی ناگارتنا اور جسٹس اُجل بھوئیاں کی بنچ مجرموں کو دی گئی معافی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر حتمی دلائل کی سماعت کر رہی ہے اور ساتویں دن ملزمین کے دلائل سنیں گے، جو ان کو بری کرنے کا دفاع کر رہے ہیں۔
سپریم کورٹ نے 24 اگست کو دلائل پر سماعت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’قانون کو ایک اعلیٰ پیشہ سمجھا جاتا ہے۔‘‘ اس نے اس بات پر حیرانی ظاہر کی تھی کہ قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد سزا میں چھوٹ کے باوجود ایک مجرم کیسے قانون کی پریکٹس کرسکتا ہے۔
یہ موضوع عدالت کے نوٹس میں تب آیا جب وکیل رشی ملہوترا نے مجرم رادھیشیام شاہ کو دی گئی معافی کا دفاع کرتے ہوئے بنچ سے کہا کہ ان کے موکل 15 سال سے زیادہ کی حقیقی سزا کاٹ چکے ہیں اور ریاستی حکومت نے ان کے برتاو کو دھیان میں لینے کے بعد انہیں راحت دی ہے۔
گجرات حکومت نے اس معاملے کے سبھی 11 مجرموں کو 1992 کی معافی پالیسی کی بنیاد پر رہا کیا تھا، نہ کہ 2014 میں اپنائی گئی پالیسی کی بنیاد پر، جو اب لاگو ہے۔ 2014 کی پالیسی کے تحت ریاست سی بی آئی کی جانب سے جانچ کیے گئے جرم کے لیے چھوٹ نہیں دے سکتا ہے یا جہاں لوگوں کو جنسی زیادتی یا اجتماعی جنسی زیادتی کے ساتھ قتل کا قصوروار ٹھہرایا گیا ہے